آسٹریلیا تمام آئی سی سی ٹورنامنٹ جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی

آسٹریلیا تمام آئی سی سی ٹورنامنٹ جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی

ایک نیوز: آسٹریلیا نے بھارت کو ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں شکست دے کر ایک اہم اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق  آسٹریلیا آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں بھارت کو 209 رنز سے شکست دے کر ٹیسٹ کرکٹ کا ورلڈ چیمپئن بن گیا ہے۔اوول گراؤنڈ میں کھیلے گئے ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے آخری روز بھارتی ٹیم 444 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 234 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی، ٹیسٹ کے آخری روز بھارت کی 7 وکٹیں صرف 70 رنز پر گر گئیں۔بھارت کی جانب سے دوسری اننگز میں ویرات کوہلی 49 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ اجنکیا رہانے نے 46 اور روہت شرما نے 43 رنز کی اننگز کھیلی۔

آسٹریلیا کی جانب سے ناتھن لیون نے دوسری اننگز میں4 شکار کیے جبکہ اسکاٹ بولینڈ نے 3 وکٹیں حاصل کیں، مچل اسٹارک نے 2 اور پیٹ کمنز نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 469 رنز بنائے تھے جبکہ دوسری اننگز 8 وکٹ 270 رنز پر ڈیکلیئر کی تھی، بھارتی ٹیم پہلی اننگز میں 296 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی تھی۔

بھارت کو شکست دے کر ٹیسٹ چیمپئن شپ اپنے نام کرنے کے بعد   آسٹریلیا تمام آئی سی سی ٹورنامنٹ جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔ آسٹریلیا 5 بار ورلڈکپ، 2 بار چیمپئن ٹرافی ، ایک بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اپنے نام کرچکا ہے اور اب ٹیسٹ چیمپئن شپ بھی جیت کر آسٹریلیا تمام آئی سی سی مینز ٹورنامنٹ جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔