مکمل لاک ڈاؤن کی سفارشات پر فیصلہ آج ہوگا

مکمل لاک ڈاؤن کی سفارشات پر فیصلہ آج ہوگا
اسلام آباد: وفاقی وزیر اسد عمر کے زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کا اہم اجلاس آج ہوگا۔ پابندیوں کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں، جبکہ لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں مکمل لاک ڈاؤن کی سفارشات پر غور ہو گا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے اہم اجلاس میں رمضان کے دوران پابندیوں اور ایس او پیز سے متعلق اہم فیصلہ ہوگا۔ اجلاس کا خصوصی مقصد پابندیوں پر عملدرآمد کے طریقہ کار پر غور ہے۔ پنجاب میں کورونا کی صورتحال مزید تشویشناک ہونے کے باعث زیادہ متاثرہ شہروں میں اقدامات مزید سخت کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

دوسری جانب لاہور میں کورونا کی تشویشناک صورتحال کے پیش نظر گزشتہ روز پنجاب حکومت کی کابینہ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں مکمل لا ک ڈائون لگانے کااصولی فیصلہ کرلیا گیا،میڈیکل سٹورز، پٹرو پمس ، ہسپتال ، کریانہ سٹورز کھلے رکھنے پر اتفاق کیا گیا،دودھ دہی کی دکانیں ، تندور کھلے رکھنے اور لاک ڈائون میںرمضان بازار کھلے رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے اجلاس کے دوران صوبہ بھرمیں کوروناوائرس کی تازہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن برسٹرنبیل اعوان اورسیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرسارہ اسلم نے اجلاس کے دوران پنجاب میں کوروناوائرس کی تازہ صورتحال سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کی۔تمام کمشنرزنے اجلاس کے دوران صوبہ بھرمیں کوروناایس اوپیز پر عملدرآمدکی رپورٹ پیش کی۔

اجلاس کے دوران متعلقہ حکام نے کوروناوائرس کے تدارک کیلئے مختلف تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔اجلاس کے دوران کوروناوائرس سے زیادہ متاثرہونے والے شہروں کیلئے آئندہ حکمت عملی کا جائزہ لیاگیا۔اجلاس کے دوران رمضان المبارک میں ویکسینیشن سنٹرزکے اوقات کاراور مساجدمیں ایس اوپیزپرعملدرآمدکاجائزہ لیاگیا۔