وزیراعظم نے معیشت کی بحالی کیلئے  پلان طلب کرلیا 

وزیراعظم نے معیشت کی بحالی کیلئے  پلان طلب کرلیا 
کیپشن: وزیراعظم نے معیشت کی بحالی کیلئے  پلان طلب کرلیا 

ایک نیوز :وزیراعظم شہبازشریف نے  معاشی صورتحال کی بحالی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر پلان طلب کرلیا ۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرصدارت حلف اٹھانے کے چند گھنٹوں بعد ہی   ملکی معیشت کی بحالی کے حوالے سے اجلاس ہوا ۔وزیراعظم کو سیکرٹری خزانہ کی طرف سے ملکی معاشی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔

وزیراعظم شہبازشریف کاکہنا تھاکہ ہمیں ملک کی معیشت کو بہتر کرنے کا مینڈیٹ ملا ہے اور یہی  ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ہماری  حکومت ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری برادری کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے بھرپور طریقے سے کام کرے گی۔
 وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ  فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے 65 ارب روپوں کے ٹیکس ریفنڈز کلئیر کر دیئے ۔

وزیراعظم نے  ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسیلیٹی کے حوالے سے آئی ایم ایف سے بات چیت کو فوری طور پر آگے بڑھانے کی ہدایت کردی ۔

شہبازشریف کاکہنا تھاکہ  ایسے ٹیکس پئیرز جو کہ ملکی برآمدات میں اضافے اور ملکی معیشت میں ویلیو ایڈیشن کے لئے کام کر رہے ہیں وہ ہمارے سروں کا تاج ہیں ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ اچھے ٹیکس پئیرز کی حکومتی سطح پر پذیرائی کی جائے گی ۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں شفافیت لانے کے لئے آٹومیشن نا گزیر ہے۔

وزیراعظم نے  ایف بی آر اور دیگر اداروں کی آٹومیشن پر فی الفور کام شروع کرنے کی ہدایت کردی ۔

وزیراعظم شہبازشریف کاکہنا تھاکہ نقصان میں جانے والے حکومتی ملکیتی اداروں کی نجکاری کی جائیگی تاکہ یہ ادارے ملکی معیشت پر مزید بوجھ نہ بنیں ،وزیراعظم  نے حکومتی بورڈز کے ممبران کی مراعات میں کمی کے لئے واضح حکمت عملی ترتیب دینے کے لئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت  کردی 

وزیراعظم کی پاور اور گیس سیکٹرز کی  اسمارٹ میٹرنگ پر منتقلی کے لئے لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت، اسمارٹ میٹرنگ سے لائین لاسز کم کرنے مدد ملے گی۔

وزیراعظم شہبازشریف کاکہنا تھاکہ تمام بینکس اور مالیاتی ادارے درمیانے اور چھوٹے درجے کے کاروبار کے فروغ کے لئے حکمت عملی تیار کریں تاکہ ملک کے نوجوانوں کو اپنے پیروں پر کھڑا ہونے میں مدد مل سکے ۔حکومتی حجم کم کیا جائے گا ؛ ایسے ادارے جن کی ضرورت نہیں انہیں یا تو ضم کر دیا جائے یا پھر بند کر دیا جائے؛ اس حوالے سے حکمت عملی بنائی جائے ۔اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل ملک میں معاشی  استحکام کے حوالے سے ایک انتہائی اہم قدم ہے جس کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔

وزیراعظم کا اگلا اجلاس فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے حوالے سے منعقد کیا جائے گا۔