فخر سے بتانا چاہتا ہوں کہ اپگریڈیشن پراجیکٹ میں امپورٹڈ چیز استعمال نہیں ہوئی، محسن نقوی

فخر سے بتانا چاہتا ہوں کہ اپگریڈیشن پراجیکٹ میں امپورٹڈ چیز استعمال نہیں ہوئی، محسن نقوی
کیپشن: Proud to say that no imported material was used in the upgradation project, Mohsin Naqvi

ایک نیوز: وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی ایمرجنسی کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ پی آئی سی اپ گریڈیشن نہ صرف لاہور بلکہ پورے پنجاب کے لئے فائدہ مند ہے۔ ڈاکٹر، تعمیرو مواصلات، ایل ڈی اے، محکمہ صحت اور دیگر ٹیمیں دن رات یہاں آتی رہی اور مانیٹرنگ کرتی رہی۔ 

انہوں نے بتایا کہ الحمداللہ دن رات کام کرکے 6ہفتوں میں پی آئی سی کی ایمرجنسی کو اپ گریڈ کیا گیا ہے۔ وزراء، سیکرٹریز رات 3,3بجے تک بھی پی آئی سی اپ گریڈیشن کی مانیٹرنگ کرتے رہے ہیں۔ فخر سے بتانا چاہتا ہوں کہ اپ گریڈیشن پراجیکٹ میں کوئی بھی امپورٹڈ چیز استعمال نہیں کی۔ اپ گریڈ یشن میں استعمال ہونے والا سارے سامان اور آلات میڈ ان پاکستان ہیں۔ فلور پر لگنے والی ٹائلز آدھی سے کم قیمت میں لگی ہے۔ اپ گریڈیشن پراجیکٹس میں بچت کی بہت زیادہ مثالیں ہیں۔ ہر پراجیکٹ میں ممکنہ لاگت سے کم لاگت آئی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ اگر پراجیکٹ کی لاگت40کروڑ روپے ہے تو بچت کرکے 30کروڑ روپے لگائے گئے ہیں۔ پی آئی سی میں سٹیٹ آف دی آرٹ لیب بنارہے ہیں۔ پی آئی سی لیب میں مارکیٹ پرائس سے آدھی قیمت پر بہترین ٹیسٹنگ سروس فراہم کی جائیں گی۔ دل کے بائی پاس مریضوں کی ویٹنگ لسٹ کو کم کرنے کے لئے اقدامات کررہے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ ایک ہفتہ نہیں بلکہ ایک دن بھی مریضوں کو انتظار نہ کرنا پڑے۔ 

انہوں نے بتایا کہ پی آئی سی کا تھرڈ فلور جلد مکمل ہوجائے گا۔ فرینڈز آف پی آئی سی سرائے تعمیر کررہے ہیں۔ پی آئی سی کی او پی ڈی اور عرفان بلاک کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے۔ کل چلڈرن ہسپتال ملتان کا افتتاح کر دیں گئے۔ ہسپتالوں کی پرانی تصویریں دیکھے اور اپ گریڈیشن کے بعد دیکھے مکمل طور پرتبدیلی نظر آئے گی۔ ہولی فیملی  ہسپتال پر دن رات کام ہورہا ہے جس سے ڈاکٹر کو کچھ مشکلات ہیں جلد مکمل ہوجائے گا۔ 

انہوں نے مزید بتایا کہ ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے دوران کوئی بھی علاج بند نہیں ہوا، نہ ہی مریض علاج کے بغیر واپس گئے ہیں۔ راولپنڈی کے دیگر ہسپتالوں نے ہولی فیملی ہسپتال کے مریضوں کا بوجھ اٹھایا ہوا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے چاہا تو31 جنوری تک 100سے زائد ہسپتالوں کو اپ گریڈ کرکے انتظامیہ کے سپرد کر دیں گے۔ انشاء اللہ روزانہ کسی نہ کسی پراجیکٹ کا افتتاح ہوا کریں گے۔ آج سے پنجاب میں ہسپتال مینجمنٹ سسٹم شروع کر دیا گیا ہے۔ جناح ہسپتال میں پہلے ہی ایچ آئی ایم  ایس تھا،آج پی آئی سی میں بھی شروع ہوگیا ہے۔ پرچی سسٹم سے بہت دیر لگتی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتال انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم کو لانا اور عملدرآمد کرنا مشکل ٹاسک تھا۔، پی آئی ٹی بی میں بہت محنت سے ایچ آئی ایم ایس متعارف کروایا ہے۔ چند ماہ پہلے بحریہ ہسپتال گئے، ہسپتال کی سہولتیں دیکھ کر فیصلہ کیا کہ پنجاب کے ہسپتالوں کا معیار ایسے ہی بنائیں گے۔ اللہ کا شکر ہے کہ آج بحریہ کے پرائیویٹ ہسپتال کو دیکھ لیں اور پی آئی سی کو دیکھ لیں ایک جیسا نظر آئے گا۔ ہسپتال اپ گریڈ کر دیا ہے ڈاکٹر اور نرسز سے التماس ہے کہ اسے مینٹین رکھیں۔ 

نگران وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہم کام کرکے جارہے ہیں، آنے والی حکومت اور ہسپتال انتظامیہ نے ہسپتالوں کا خیال رکھنا ہے۔ الیکشن کمیشن سے نرسوں کی ڈیوٹیز کے حوالے سے بات کریں گے کہ ہم نرسز کی ڈیوٹی افورڈ نہیں کرسکتے۔ پنجاب میں 100ہسپتال اپ گریڈہورہے سب کا معیار ایک جیسا ہوگا۔ ہم نے موک روم بنایا کہ آئندہ جتنی بھی اپ گریڈیشن ہوگی اسی موک روم کے طرز پر ہوگی۔ چاہے بھکر ہو یا لیہ یا لاہور ہسپتالوں کا معیار ایک جیسا ہوگا۔ 

محسن نقوی نے بتایا کہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی بن رہا ہے۔ ڈی جی خان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی چند دنوں میں مکمل ہوجائے گا۔ 7سال سے زیر التواء ملتان کارڈیالوجی کو مکمل کررہے ہیں۔ کارڈیالوجی کے نئے ہسپتال بننے سے اور اپ گریڈیشن سے مریضوں کا رش تقسیم ہوجائے گا۔ آبادی زیادہ ہے اس لیے مریض بھی زیادہ ہیں اور ہسپتالوں پر لوڈ بھی زیادہ ہے۔ 

انہوں نے بتایا کہ الحمداللہ کورونا کی نئی قسم کا ابھی تک ایک بھی کیس سامنے نہیں آیا۔ عالمی ادارے صحت ساتھ رابطے میں ہیں خدانخواستہ ضرورت پڑی تو کورونا کے حوالے سے بہترین انتظامات کریں گے۔ مصنوعی بارش کے لئے 6سے7ہزار فٹ کی بلندی پر مخصوص بادل چاہیے جو ابھی نہیں ہیں۔ جیسے بادل آ گئے مصنوعی بارش کے لئے دوسری کوشش کی جائے گی۔ سموگ میں کمی کے لئے ایل ڈبلیو ایم سی نے کافی محنت کی ہے۔ 

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہسپتال کی کپسٹی بلڈنگ کی جائے۔ جس لحاظ سے آبادی  ہے ہسپتال کم ہیں۔ ڈاکٹرز کو سلام پیش کرتا ہوں جوہر ایک کا علاج کرتے ہیں۔ بیڈز نہ ہونے پر بھی ڈاکٹر مریضوں کا علاج کرتے ہیں جس پر انہیں کریڈٹ دیتا ہوں۔ میو ہسپتال 4سے 5دنوں میں ریڈی ہوجائے گا۔ ڈی ایچ کیو ہسپتالوں کی حالت بہت بہتر ہے۔ 

نگران وزیراعلیٰ کی گورنر پنجاب سے ملاقات:

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن سے وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں صوبے کے حوالے سے بہت سے معاملات زیر بحث آئے۔

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے وزیر اعلی پنجاب کو پنجاب کی سرکاری جامعات میں پچھلی حکومت کے تقریبا 4 سالہ دور حکومت کے دوران عدم توجہی کے باعث پیش آنے والے مالی، انتظامی معاملات میں زبوں حالی سے بھی آگاہ کیا۔

ملاقات میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں،  پولیس سٹیشنز، فیسیلیٹیشن سینٹرز ، چڑیا گھروں اور عوامی تفریحی مقامات میں بہتری سمیت صوبائی مالیاتی معاملات میں بہتری پر گفتگو کی گئی۔

گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے عوامی فلاح کے منصوبوں کی تیز رفتاری سے تکمیل پر وزیر اعلیٰ محسن نقوی اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔ گورنر پنجاب نے وزیراعلٰی پنجاب کو پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی آپ گریڈیشن پر مبارکباد دی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیر اعلی محسن نقوی کی مختصر عرصے میں کاوشیں بالخصوص صحت کے شعبے میں اقدامات مثالی ہیں۔ لاہور میں سموگ کا مسئلہ غیر معمولی ہے۔ اس کے لیے غیر معمولی اقدامات کی ضرورت ہے۔ 

نگرا وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سموگ کے مسئلے کے حل کے لیے  کام کر رہے ہیں۔ ایک مصنوعی بارش کا تجربہ کیا جاچکا ہے جبکہ دوسرا تجربہ اسی ماہ کیا جائے گا۔ سموگ کے مسئلے کے حل کے لیے دھواں دیتی گاڑیوں کو روکنے سمیت دوسرے اقدامات تیزی سے جلد نظر آنا شروع ہو جائیں گے۔