دشمنوں کے مذموم عزائم کوناکام بنانے کیلئے تیارہیں، آرمی چیف

دشمنوں کے مذموم عزائم کوناکام بنانے کیلئے تیارہیں، آرمی چیف
کیپشن: چیلنجز سےباخبر، پاک فوج کی توجہ سرحدوں کےدفاع پرمرکوز ہے:آرمی چیف

ایک نیوز: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ہم چیلنجز سے باخبر ہیں، پاک فوج کی پوری توجہ مادر وطن کی سرحدوں کے دفاع پر مرکوز ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے خیرپور کا دورہ کر کے ٹامیوالی میں بہاولپور کور کی فیلڈ مشقوں کا مشاہدہ کیا، آرمی چیف کو فیلڈ مشقوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ مشقوں کا مقصد آپریشنل ماحول میں مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مہارت کو بڑھانا ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے مشق میں حصہ لینے والے ٹروپس سے بات چیت کی اور ہر حال میں روایتی جوش اور جذبے کے ساتھ قوم کی خدمت کرتے رہنے کی ہدایت کی۔

اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ انشااللہ قوم کی حمایت سے مسلح افواج پاکستان کے دشمنوں کو شکست دے گی۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے واضح کیا کہ ہم وطن کو درپیش چیلنجوں سے بخوبی آگاہ ہیں اور قوم کی حمایت سے دشمنوں کے کسی بھی مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لئے تیار ہیں، پاک فوج ہر قسم کی مشکلات کے باوجود پاکستان کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے دفاع کے لئے پوری طرح تیار ہے، پاک فوج کی پوری توجہ مادر وطن کی سرحدوں کے خطرات کے خلاف دفاع پر مرکوز ہے اور قوم کی حمایت سے مسلح افواج پاکستان کے دشمنوں کو شکست دیں گی، انشااللہ، قبل ازیں آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر بہاولپور نے استقبال کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اپنے دورے کے دوران آرمر، میکانائزڈ انفنٹری، آرٹلری، ایئر ڈیفنس اور اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل کا بھی مشاہدہ کیا۔