سابق وزیرخارجہ کی توہین امیزگرفتاری،پولیس دھکے مارتے ہوئےلےگئی

سابق وزیرخارجہ کی توہین امیزگرفتاری،پولیس دھکے مارتے ہوئےلےگئی
کیپشن: شاہ محمود قریشی اڈیالہ جیل سےرہا ہوتے ہی پھر گرفتار

ایک نیوز:سپریم کورٹ سےسائفر کیس میں ضمانت منظوری کے بعد شاہ محمود قریشی کو ڈپٹی کمشنر کے احکامات پر نظر بند کر دیا گیا اور رہائی ممکن نہیں ہو سکی تھی تاہم اب ان کی نظر بندی کا حکم واپس لیتے ہوئے رہا کیا گیا لیکن فوری انہیں دوسرے مقدمے میں گرفتار کر لیا گیا ۔پولیس دھکے مارتے ہوئےلےگئی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی کو راولپنڈی پولیس نے اڈیالہ جیل کے باہر سے گرفتار کیا اور بکتر بند گاڑی میں لیکر نامعلوم مقام کی طرف روانہ ہو گئی۔

یاد رہے کہ پنجاب پولیس کی بھاری نفری اور تھانہ آر اے بازار پولیس شاہ محمود قریشی کی گرفتاری کیلئے اڈیالہ جیل پہنچی تھی۔

شاہ محمود قریشی تھانا آر اے بازار منتقل

شاہ محمود قریشی کوراولپنڈی پولیس نے تھانا آر اے بازار میں درج مقدمے میں گرفتار کیاہے ، شاہ محمود قریشی کی گرفتاری مقدمہ نمبر 981اور 708 میں عمل میں لائی گئی ہے ، پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین کو اڈیالہ جیل سے تھانہ آر اے بازار منتقل کر دیا گیاہے ، انہیں ڈیوٹی مجسٹریٹ کے سامنے پیش کرتے ہوئے ریمانڈ کی درخواست کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ نے شاہ محمود قریشی کی نظر بندی کا حکم واپس لینے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیاہے جس میں کہا گیاہے کہ شاہ محمود کسی اور مقدمے میں مطلوب ہیں تو قانون کے مطابق کارروائی کی جائے ۔

مجھے بلاوجہ سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے: قریشی

دوسری جانب گرفتاری کے وقت بات چیت کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مجھے جھوٹے مقدمے میں گرفتار کیا جارہا ہے، میں نے قوم کی ترجمانی کی ہے، میں بے گناہ ہوں، مجھے بلاوجہ سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

سابق وزیر خارجہ نے مزید کہا ہے کہ اگر آپ نے غیر قانونی حرکت کی تو سپریم کورٹ میں لے کر جاؤں گا، جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس اطہر من اللہ نے سائفر کیس میں پورے دلائل سنے، میری ضمانت کا آرڈر جاری کیا گیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جج صاحب نے روبکار پر میری رہائی کے دستخط بھی کیے، انہوں نے تھری ایم پی او کے تحت میری گرفتاری کے آرڈر جاری کیے، پھر انہوں نے مجھے گرفتار کرکے نظر بند کردیا تھا، میں نے نظربندی کا آرڈر بھی قبول کر لیا تھا، سیل میں واپس چلا گیا۔

نظربندی کےاحکامات واپس

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے شاہ محمود قریشی کی نظر بندی کا حکم واپس لے لیا،پولیس نے شاہ محمود قریشی کو 9 مئی کے مقدمات میں گرفتار کرلیا،ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے گزشتہ روز شاہ محمود قریشی کی 15 روزہ نظر بندی کے احکامات جاری کیے تھے۔پولیس نے شاہ محمود قریشی کو اڈیالہ جیل سے گرفتار کیا۔

پولیس کا موقف

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہ محمود قریشی کی 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں گرفتاری ڈال دی گئی،شاہ محمود قریشی کو انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں پیش کیا جائیگا،پولیس حکام نے ڈی سی راولپنڈی سے شاہ محمود قریشی کے نظر بندی احکامات ختم کرنے کی استدا کی تھی،نظر بندی احکامات ختم ہونے پر جیل سے رہائی کے بعد شاہ محمود قریشی کو گرفتار کیا گیا،شاہ محمود قریشی کو 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں گرفتار کر لیا گیا۔