پیٹرول کی قیمت میں کمی ہوگی یا نہیں؟ اوگرا نے بیان جاری کردیا

پیٹرول کی قیمت میں کمی ہوگی یا نہیں؟ اوگرا نے بیان جاری کردیا
کیپشن: OGRA reacts to reports of speculations about fuel prices

ایک نیوز : آئل اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے ترجمان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر چلنے والی خبروں پر بیان جاری کردیا۔
ترجمان اوگرا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ اوگرا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پرقیاس آرائیوں سے بچنےکی اہمیت پر زور دیتا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی قیمتوں اور ڈالر کی شرح تبادلہ پرمنحصر ہیں اور حالیہ دنوں میں بین الاقوامی سطح پرپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ ملک میں ڈالر سے روپے کی شرح تبادلہ میں بہتری آئی ہے اور پیٹرول کی نئی قیمتوں کے اعلان میں ابھی ایک ہفتہ باقی ہے اس لیے اس مدت میں قیمتوں پرقیاس آرائیاں تیل کی سپلائی چین میں خلل ڈال سکتی ہیں۔

واضح رہے کہ  نگران وفاقی وزیر تجارت گوہر اعجاز نے گزشتہ روز کہاتھا کہ مہنگائی سے ہر طبقہ متاثر ہے، ڈالر کی قدر کم ہونے سے عوام کو ریلیف ملے گا، اُمید ہے یکم اکتوبر کو پٹرول کی قیمت میں کمی آجائے گی۔انہوں نے مزید کہا تھا کہ  روپے کی قدر میں بہتری آ رہی ہے، برآمدات کا فروغ ترجیحات میں شامل ہے، برآمدات 5 سال میں 100 ارب ڈالرتک لے جانے کا وژن ہے، انہوں نے کہا کہ فارما سیکٹر کی برآمدات صرف 250 ملین ڈالر ہے۔

گوہر اعجاز نے کہا کہ بجلی کے بلز میں کمی کے لیے بھی کام کر رہے ہیں، یہ نہیں ہو سکتا کہ 17 ڈالر کی گیس خرید کر 4 ڈالر میں دیں، ایس آئی ایف سی میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سے بڑی سرمایہ کاری آ رہی ہے، عوام کو ریلیف دینے کی ہرممکن کوشش کریں گے۔