آئی پی ایل: ہر ڈاٹ بال پر 500 درخت، لیکن کیوں؟

آئی پی ایل: ہر ڈاٹ بال پر 500 درخت، لیکن کیوں؟

ایک نیوز:آئی پی ایل کے پلے آف مرحلے کے میچز دوران ہونے والی ہر ڈاٹ بال پر 500 درخت لگائے جائیں گے۔

رپورٹ کے مطابق ماحولیاتی تحفظ کیلئے بی سی سی آئی نے پورے بھارت میں درخت لگانے کا منفرد اقدام اٹھایا جس کو دنیا بھر میں خوب سراہا جارہا ہے۔ آئی پی ایل کے پہلے کوالیفائر میچ میں گجرات ٹائٹنز اور چنائی سپر کنگز کی ٹیمیں چدمبرم اسٹیڈیم میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں، اس میچ میں چنائی نے فتح حاصل کی اور فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا  لیکن میچ سے قبل بورڈ نے ہر ڈاٹ بال پر  بھارت میں 500 درخت لگانے کا اعلان کیا۔

پہلے میچ کے دوران باؤلرز کی جانب سے 84 ڈاٹ بالز کروائی گئیں جس کا مطلب ہے کہ بھارتی بورڈ 42 ہزار درخت لگائے گا اور یہ سلسلہ فائنل تک جاری رہے گا۔ آئی پی ایل میچ کے دوران لائیو کمنٹری میں دلچسپ پیش رفت کا انکشاف کیا گیا، لیگ کے آفیشل براڈکاسٹرز نے تخلیقی طور پر اسکور کارڈ پر ڈاٹ بال کے بجائے درخت کا ایموجی دکھایا، جو ایک اہم ماحولیاتی اقدام کا اشارہ تھا۔اس اقدام کو گرین ڈاٹ بالز کا نام دیا گیا ہے۔