انڈین جاسوس سربجیت سنگھ پر حملہ کرنیوالے عامر تانبا لاہور میں قتل

انڈین جاسوس سربجیت سنگھ پر حملہ کرنیوالے عامر تانبا لاہور میں قتل
کیپشن: انڈین جاسوس سربجیت سنگھ پر حملہ کرنیوالے عامر تانبا لاہور میں قتل

ایک نیوز : لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں سال 2013 میں سزائے موت کی سزا پانے والے قیدی انڈین جاسوس سربجیت سنگھ پر مبینہ حملہ کرنے والے عامر سرفراز عرف تانبا کو  لاہور میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا ۔

سب انسپکٹر اسلام پورہ تھانہ سید سجاد حسین نے عامر تانبا کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ عامر سرفراز عرف تانبا وہی شخص ہے جس نے کوٹ لکھپت جیل میں سربجیت سنگھ پر حملہ کیا تھا،دو افراد نے عامر سرفراز تانبا کے گھر میں گھس کر انہیں گولیاں ماریں اور وہ موقعے پر ہی دم توڑ گئے تھے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ’اس وقوعے کے بعد اسلام پورہ اور گردونواح میں ناکے لگا دیے گئے ہیں اور سخت چیکنگ جاری ہے تاکہ ملزمان کو فوری گرفتار کیا جا سکے۔عامر سرفراز عرف تانبا کی موت کے حوالے سے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ’پنجاب پولیس اس معاملے کو دیکھ رہی ہے اور ہر پہلو سے اس کی تفتیش کی جائے گی۔عامر سرفراز عرف تانبا کے چھوٹے بھائی جنید سرفراز نے اپنے بھائی پر حملے کی ایف آئی آر تھانہ اسلام پورہ میں درج کروائی گئی ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق ’اتوار 14 اپریل کو دوپہر 12:40 بجے وہ اور ان کے بڑے بھائی عامر سرفراز اپنے گھر میں موجود تھے۔ عامر اوپر والے پورشن میں تھے اور گھر کا مرکزی دروازے کھلا ہوا تھا۔ دو نامعلوم موٹر سائیکل سوار ہونڈا 125 پر آئے، ایک نے ہیلمٹ پہن رکھا تھا اور دوسرے نے ماسک لگایا ہوا تھا۔