حکومت صحت کے شعبے میں اصلاحات کیلئے کوشاں ہے، شہباز شریف

حکومت صحت کے شعبے میں اصلاحات کیلئے کوشاں ہے، شہباز شریف
کیپشن: The government is trying to reform the health sector, Shahbaz Sharif

ایک نیوز: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت شعبہ صحت میں اصلاحات کے لئے کوشاں ہے۔

وزیراعظم وفاقی وزراء کے ہمراہ ایک روزہ دورہ ملتان پر ہیں، اس دوران وہ نشتر اسپتال کے بعد بہاوالدین زکریا یونیورسٹی جائیں گے جہاں یوتھ لون اور لیپ ٹاپس تقسیم کریں گے۔

شہباز شریف نے نشتر اسپتال ٹو کا دورہ کرکے اسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ اسپتال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ نشتر میڈٰیکل اسپتال 2 آکر خوشی ہوئی اور دکُھ بھی ہوا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت شعبہ صحت میں اصلاحات کے لئے کوشاں ہے، 2018 میں ہم نے اس منصوبے کے تمام لوازمات کو مکمل کیا تھا، پی ٹی آئی حکومت کو لانے والے ان سے یہ اسپتال مکمل کرواتے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 4 سال پی ٹی آئی حکومت نے برباد کردیے جب کہ اسپتال کے لئے خاطرخواہ فنڈز بھی مختص نہ کیے، ان 4 سالوں میں اسپتال کو بالکل نظر انداز کیا گیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پی ٹی آئی کو حسد اس بات کا تھا کہ یہ نشتر اسپتال 2 کا منصوبہ نواز شریف اور ن لیگ کا تھا، البتہ یہ ابھی زیر تعمیر ہے جو کہ 30 ستمبر کو مکمل ہوجائے گا۔