پہلا ٹی ٹوئنٹی: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 46 رنز سے شکست دیدی

پہلا ٹی ٹوئنٹی: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 46 رنز سے شکست دیدی
کیپشن: پہلا ٹی ٹوئنٹی: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 46 رنز سے شکست دیدی

ایک نیوز: کیویز نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شاہینوں کو دبوچ لیا۔پاکستان کے خلاف 5 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 46 رنز سے شکست دیدی۔

تفصیلا ت کے مطابق  5 میچوں کی سیریز کے پہلے ٹاکرے میں قومی ٹیم 227 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 180 پر ڈھیر ہو گئی اور یوں پہلا میچ 46 رنز سے کیویز نے اپنے نام کر لیا۔

پاکستان کی اننگز

پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز صائم ایوب اور محمد رضوان نے کیا تاہم 33 کے مجموعے پر صائم ایوب 8 گیندوں پر 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 27 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔

محمد رضوان بھی 25 رنز بنا کر ٹم ساؤتھی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے، فخر زمان 15 رنز بنا سکے۔

افتخار احمد 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اعظم خان نے 10 رنز کی اننگز کھیلی، سابق کپتان بابر اعظم نے 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور وہ 57 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ کپتان شاہین شاہ آفریدی بغیر کھاتہ کھولے ہی چلتے بنے۔

نیوزی لینڈ کی بیٹنگ

نیوزی لینڈ کی جانب سے فن ایلن اور ڈیون کونوے نے اننگز کا آغاز کیا لیکن دوسری ہی گیند پر شاہین آفریدی نے کونوے کو کیچ آؤٹ کرا دیا تاہم اننگز کے تیسرے اوور میں شاہین آفریدی نے 24 رنز دے دیئے۔

فن ایلن عباس آفریدی کا شکار بنے انہوں نے 15 گیندوں پر 3 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 34 رنز کی اننگز کھیلی، انہیں ڈیبیو کرنے والے عباس آفریدی نے آؤٹ کیا۔

پاکستانی فیلڈرز کی جانب سے کئی آسان کیچز ڈراپ اور مس فیلڈنگ کی گئی جس کا کیوی بیٹرز نے بھرپور فائدہ اٹھایا اور نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ 128 رنز پر گری جب کین ولیمسن 57 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 9 چوکے شامل تھے۔

نیوزی لینڈ کی چوتھی وکٹ گلین فلپس کی صورت جب گری جب عباس آفریدی کی گیند پر بابر اعظم نے انہیں صرف 19 رنز پر کیچ آؤٹ کردیا، اس کے بعد پچ پر موجود ڈیرل مچل 61 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر پویلین لوٹ گئے، ڈیرل نے 27 گیندوں پر 61 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

جس کے بعد نیوزی لینڈ کی جانب سے مارک چیمپن 26، ایڈم ملن 10 اور ایش سودھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جبکہ ٹم ساؤتھی 6 اور میٹ ہنری صفر پر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے کپتان شاہین شاہ آفریدی اور ڈیبیو کرنے والے نوجوان پیسر عباس آفریدی نے 3، 3 جبکہ حارث رؤف نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ٹاس

قبل ازیں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی نے کہا کہ پچ باؤلنگ کے لیے سازگار ہے اس لیے پہلے باؤلنگ کو ترجیح دی، کوشش ہوگی نیوزی لینڈ کو کم سے کم رنز تک محدود کر سکیں۔

اس موقع پر نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے کہا کہ بدقسمتی سے مچل سینٹنر ٹیم میں شامل نہیں ہیں، پاکستان کو اچھا ہدف دینے کی کوشش کریں گے۔

قومی سکواڈ

قومی سکواڈ میں کپتان شاہین آفریدی، بابراعظم، نائب کپتان محمد رضوان، صائم ایوب، اعظم خان، فخر زمان، افتخار احمد، حارث رؤف اور عامر جمال شامل ہیں۔

ان کے علاوہ آج کے میچ میں اسامہ میر اور نوجوان فاسٹ باؤلر عباس آفریدی کا ڈیبیو ہوا ہے۔

کیوی ٹیم
نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کپتان کین ولیمسن، ڈیون کانوے، فن ایلن، ڈیرل مچل، گلین فلپس، مارک چیپمین، ایڈم ملن، ایش سودھی، میٹ ہنری، ٹیم ساؤتھی، بین سیئرز شامل ہیں۔

باہمی ریکارڈ

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے باہمی ریکارڈ کے مطابق گرین شرٹس کا پلڑا بھاری ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان 34 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جا چکے ہیں، پاکستان نے20 جبکہ 13 میچز میں نیوزی لینڈ نے کامیابی حاصل کی اور ایک میچ بغیر نتیجہ رہا۔