میسی فیملی کے ہمراہ سعودی عرب پہنچ گئے، تصاویر وائرل

میسی فیملی کے ہمراہ سعودی عرب پہنچ گئے، تصاویر وائرل

ایک نیوز: قطر میں ارجنٹینا کو ورلڈکپ جتوانے والے اسٹار فٹبالر لیونل میسی فیملی کے ہمراہ چھٹیاں منانے سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر سیاحت احمد الخطیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لیونل میسی کو سعودی عرب میں خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ' مجھے سعودی عرب کے سیاحتی سفیر لیونل میسی اور ان کے اہل خانہ کا سعودی میں دوسری چھٹیوں منانے پر خوش آمدید کہتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے'۔

سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے لیونل میسی اور ان کے اہل خانہ کی سعودی عرب میں چھٹیاں مناتے ہوئے تصاویر بھی اپ لوڈ کی۔تصاویر میں میسی اور ان کی اہلیہ کو دھوپ سے لطف اندوز ہوتے، روایتی کیرم بورڈ گیم کھیلتے اور اپنے دو بیٹوں کے ساتھ ایک ہرن کو کھانا کھلاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ میسی نے گزشتہ سال مئی میں بھی سعودی عرب کا دورہ کیا تھا اور اس دورے میں اسٹار فٹبالر نے جدہ کے ایک سالانہ تہوار میں شرکت کی تھی۔ لیونل میسی سعودی عرب کے وزارت سیاحت کے پروموشنل برانڈ وزٹ سعودی کے سفیر ہیں۔