لاہور: وفاقی سروس ٹربیونل کا سی سی پی او لاہور کو ہٹانے کا حکم

وفاقی سروس ٹربیونل کا سی سی پی او لاہور کو عہدے سے ہٹانے کا حکم
کیپشن: Federal Service Tribunal's order to remove CCPO Lahore from the post(file photo)

ایک نیوز نیوز: وفاقی سروس ٹربیونل نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی نظرثانی اپیل منظور کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کو عہدے سے فارغ کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی سروس ٹربیونل نے غلام محمود ڈوگر کو سی سی پی او لاہور کے عہدے پر بحال کرنے کا سنگل بنچ کا حکم معطل کردیا ہے۔ قائم مقام چیئرمین ٹربیونل رانا زاہد اور ممبر جاوید غنی پر مشتمل بنچ نے حکم جاری کیا۔

وفاقی سروس ٹربیونل نے نظرثانی اپیل پر غلام محمود ڈوگر کو 5 دسمبر کیلئے نوٹس جاری کردیا۔ یاد رہے کہ ٹربیونل کے سنگل بنچ نے غلام محمود ڈوگر کو 10 نومبر کو سی سی پی او لاہور کے عہدے پر بحال کیا تھا۔

واضح رہے کہ غلام محمود ڈوگر عمران خان حملہ کیس کی جے آئی ٹی کے بھی سربراہ تھے۔ غلام محمود ڈوگر کی دوبارہ معطلی کے بعد جے آئی ٹی کی تحقیقات بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ کہا جارہا ہے کہ پنجاب حکومت نے دانستہ طور پر متنازع پولیس افسر کو جے آئی ٹی کا سربراہ مقرر کیا تھا۔