اے این ایف کی کارروائی: انتہائی خطرناک نشہ آور گولیوں کی بھاری کھیپ پکڑلی

اے این ایف کی کارروائی: انتہائی خطرناک نشہ آور گولیوں کی بھاری کھیپ پکڑلی
کیپشن: ANF ​​operation: Huge consignment of highly dangerous narcotic pills seized

ایک نیوز: اینٹی نارکوٹکس فورس نے ایک کارروائی میں انتہائی خطرناک نشہ آور گولیوں کی بھاری کھیپ پکڑلی ہے۔ 

ترجمان کے مطابق اے این ایف کی جانب سے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس میں پشاور کے چرگانوں چوک سے چارسدہ منشیات لے جانے والا منشیات فروش گرفتار کرلیا گیا، جس کی نشاندہی پر ایک خفیہ گروہ کے خلاف اسٹنگ آپریشن کیا گیا۔

   گرفتار ملزمان میتھ ایمفیٹامائن سے تیار کردہ منشیات کی پراسیسنگ اور برانڈنگ میں ملوث ہیں۔ آپریشن کے نتیجے میں منشیات کا ایک اور سپلائی کنندہ گرفتار ہوا، جس کے قبضے سے 7500 عدد نفسیاتی محرک گولیاں (پی ایس پی) قبضے میں لی گئیں۔

   کارروائی کے دوران 300 گرام میتھ ایمفیٹامائن اور 1 میٹرک ٹن سے زیادہ مائع اور پاؤڈر کیمیکل بھی برآمد کیا گیا۔  گرفتار ملزمان ملک بھر کے اہم شہروں میں ان نئی قسم کی گولیوں کی مارکیٹنگ میں مصروف تھے۔  خاص طور پر تعلیمی اداروں میں نوجوانوں کو نشانہ بنا رہے تھے۔

   ترجمان کے مطابق اس میں شامل میتھ ایمفیٹامائن صحت پر سنگین نتائج مرتب کرتی ہے۔ اے این ایف کے کامیاب آپریشن سے پی ایس پی نامی اس نئی منشیات کی سپلائی چین کو ناکارہ بنا دیا  گیا ہے۔

اےاین ایف نے خودکاراسلحہ اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنادی:

دوسری جانب اینٹی نارکوٹکس فورس نے ایک اور کارروائی میں خودکار اسلحہ اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی جبکہ ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق خودکار اسلحہ کا دہشت گردی میں ممکنہ استعمال  خارج ازامکان نہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ٹول پلازہ اٹک کے قریب، دوران تلاشی ٹیوٹا ہائی ایس سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد ہوا۔ اسلحہ میں 10 کلاشنکوف، 2 شاٹ گن، 5 عدد 30 بور پسٹل شامل تھے۔ ایک بریٹا پسٹل، 33 کلاشنکوف میگزین اور شاٹ گن کے میگزین بھی برآمد کرلیے گئے۔ گاڑی میں سوار میانوالی کے رہائشی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

ملزم درہ آدم خیل سے اسلحہ پنجاب کے مختلف شہروں میں اسمگل کر رہا تھا۔ گرفتار ملزم کواسلحہ سمیت  قانونی کاروائی کے لئے اٹک پولیس کے حوالے کردیا گیا۔