پاک بھارت ٹاکرا: آخری اوور میں نواز کی نوبال متنازع ہوگئی

پاک بھارت ٹاکرا: آخری اوور میں نواز کی نوبال متنازع ہوگئی
کیپشن: Pakistan-India clash: Nawaz's no ball in the last over became controversial

ایک نیوز نیوز : ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے گئے میچ میں پاکستانی بولر نواز کی آخری اوورمیں امپائر کی طرف سے دی گئی نوبال متنازع ہوگئی ۔
تفصیلات کے مطابق میلبورن میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا اہم میچ کھیلا گیا جس میں بھارت نے پاکستان کو شکست دے دی ۔ میچ کا آخری اوور انتہائی اہمیت کا حامل رہا  جو پاکستانی بولر نوا زکرارہے تھے ۔
نواز نے کوہلی کو اوور کی چوتھی گیند فل ٹاس کرائی جس پر کوہلی نےچھکا لگایا لیکن امپائر نے یہ نو بال دیدی جس پر پاکستانی کپتان نے امپائر کے سامنے احتجاج بھی کیا ۔اس گیند پر بھارت کو نہ صرف 7 رنز مل گئے بلکہ فری ہٹ بھی مل گئی جس نے بھارت کی جیت آسان بنادی۔

یہ بھی پڑھیں:فری ہٹ پر بولڈ ، امپائر نے گیندکو ڈیڈ بال قرار کیوں نہیں دیا ؟ نیا تنازع

میچ کے بعد سوشل میڈیا صارفین نوبال کے فیصلے پربرہم نظر آئے صارفین نے کوہلی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ بال کھیلتے ہوئے کوہلی کا پاؤں کریز پہ تھا اس لیے یہ نو بال نہیں۔


سابق آسٹریلوی کرکٹر بریڈ ہاگ نے کوہلی کی تصویر ٹوئٹ کرتے ہوئے سوال کیا کہ نو بال پر ریویو کیوں نہیں لیا گیا؟ اور جب فری ہٹ پر کوہلی بولڈ ہوگئے تھے تو وہ بال ڈیڈ کیوں نہیں قرار دی گئی؟

جان برک نے کہا کہ کریز سے باہر  پاؤں ہونے پر کبھی نو بال نہیں ہوتی، ایک سراسر جرم ہے۔

ایک صارف نے اس بال کو نو بال قرار دیے جانے کو میچ کا ٹرننگ پوائنٹ قرار دیا۔ایک اور صارف نے نواز کی گیند کراتے ہوئے تصویر پوسٹ کی اور کہا کہ آپ نے اچھا کھیلا پر وہ نو بال نہیں تھی۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے سب سے بڑے مقابلے میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کو 160 رنز کا ہدف دیا۔ بھارتی ٹیم نے کانٹے کے مقابلے کے بعد آخری گیند پر ہدف حاصل کرکے میچ جیت لیا۔

پاکستان کے مڈل آرڈر بلے باز افتخار احمد نے اوپنرز کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد دھواں دھار بیٹنگ کی اور نصف سنچری بنا کر 51 رنز بنا کر محمد شامی کا شکار بنے۔افتخار احمد کے آؤٹ ہونے کے بعد کوئی بھی کریز پر زیادہ دیر ٹھہر نہ سکا، شاداب 5 اور حیدر علی 2 رنز بنا کر پویلین لوٹے، محمد نواز 9، آصف علی 2 اور شاہین آفریدی 16 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔

پاکستانی اوپنر اننگز کا اچھا آغاز نہ کر سکے، کپتان بابر اعظم دوسرے اوور میں ارشدیپ سنگھ کی پہلی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے اور گولڈن ڈک پر پویلین لوٹ گئے، بعدازاں چوتھے اوور میں وکٹ کیپر محمد رضوان بھی 12 گیندوں پر 4 رنز بنا کر ارشدیپ کا شکار بنے۔

پاکستان نے میچ کا آغاز شاندار بولنگ سے کیااننگز کے آغاز پر ہی نسیم نے کے ایل راہول کو 4 رنز پر آؤٹ کردیا اس کے بعد حارث رؤف نے کپتان روہت شرما کو بھی 4 اور سوریا کمار یادیو کو 15 رنز پر پویلین لوٹایاجبکہ اکسر پٹیل صرف 2 رنزبنا کر کپتان بابر اعظم کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوگئے تاہم ویرات کوہلی اور ہاردیک پانڈیا کی جارحانہ اننگز کی بدولت بھارت نے ہدف آخری گیندپر حاصل کرلیا ۔ویرات کوہلی نے 53گیندوں پر 80رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جبکہ ہاردیک پانڈیا نے بھی کوہلی کا بھرپور ساتھ دیا انہوں نے 37گیندوں پر40رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی ۔