اعجاز الحق تحریک انصاف میں شامل

اعجاز الحق تحریک انصاف میں شامل
کیپشن: اعجاز الحق تحریک انصاف میں شامل

 ایک نیوز :مسلم لیگ (ضیا) کے سربراہ اعجاز الحق نے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا ۔
تفصیلات کےمطابق مسلم لیگ (ض) کے سربراہ اعجاز الحق کی لاہور زمان پارک میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات ہوئی، جس میں مستقبل کی سیاست کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
دوران ملاقات اعجاز الحق نے تحریک انصاف میں ساتھیوں سمیت شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کیا۔ اعجاز الحق پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر آئندہ انتخابات میں حصہ لیں گے۔
اس موقع پر اعجاز الحق نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ ہم بہت عرصے سے ہیں، ہم مل کر الیکشن لڑیں گے اور ہماری پارٹی جو شہید ضیا الحق کے نام پر ہے وہ زندہ رہے گی جبکہ میں عمران خان کے ساتھ ہوں۔
اعجاز الحق نے کہا کہ جتنی جلدی ممکن ہو ملک کو مشکلات اور مسائل سے نکالنا چاہیے اور ہر قسم کی بات چیت کے لیے آپس میں ایک ساتھ بیٹھنا چاہیے اور اگر یہ خود نہیں بیٹھ سکتے تو کوئی ان کو ساتھ بیٹھا سکتا ہے۔
اعجاز الحق نے کہا کہ لوگوں کے گھر پر جانا، شیلنگ کرنے کے واقعات پاکستان میں پہلی بار دیکھ رہا ہوں، ایسا نہ ہو کہ ترازو کے پلڑے برابر کرواتے کرواتے ترازو ہی ٹوٹ جائے۔