فیرشٹاپن مسلسل دوسری بار موٹر ریسنگ کے عالمی چیمپیئن 

جاپانی گراں پری خراب موسم اور بہت تیز بارش کے باعث تاخیر سے شروع ہوئی تھی
کیپشن: جاپانی گراں پری خراب موسم اور بہت تیز بارش کے باعث تاخیر سے شروع ہوئی تھی

  ایک نیوز نیوز: ریڈ بُل ٹیم کے نیدرلینڈز سے تعلق رکھنے والے ڈرائیور ماکس فیرشٹاپن مسلسل دوسری مرتبہ فارمولا ون موٹر ریسنگ کے عالمی چیمپیئن بن گئے ہیں۔ فیرشٹاپن نے یہ عالمی اعزاز رواں برس کا سیزن پورا ہونے سے پہلے ہی اپنے نام کر لیا۔

 یادرہے  پہلے انہوں نے جاپان کے شہر سوزوکا میں ہونے والی جاپانی گراں پری ریس جیت لی۔ اس کے بعد اسی ریس کے نتیجے میں لیکن اس کھیل کی نگران عالمی تنظیم کے ایک فیصلے کے بعد یہ ڈچ ڈرائیور قبل از وقت ہی ایک بار پھر ورلڈ چیمپیئن بھی بن گئے۔

جاپانی گراں پری مقابلے میں سوزوکا کے سرکٹ پر فاتح ڈرائیور فیرشٹاپن کے بعد ریڈ بُل ٹیم میں انہی کے ساتھی ڈرائیور سیرجیو پیریز تیسرے نمبر پر رہے تھے جبکہ دوسرے نمبر پر فیراری ٹیم کے موناکو سے تعلق رکھنے والے سٹار ڈرائیور شارل لکلارک رہے تھے۔

لیکن دوسرے نمبر پر رہنے والے فیراری ٹیم کے ڈرائیور لکلارک کی ایک غلطی کی وجہ سے ریس ختم ہو جانے کے بعد جب انہیں پانچ سیکنڈ کی سزا سنائی گئی، تو ان کی سوزوکا میں پوزیشن دوسری سے تیسری ہو گئی اور پہلی دونوں پوزیشنیں ریڈ بُل ٹیم کے دونوں ڈرائیوروں کے حصے میں آ گئیں۔

جاپانی گراں پری خراب موسم اور بہت تیز بارش کے باعث تاخیر سے شروع ہوئی تھی اور اس کا دورانیہ بھی کم کر دیا گیا تھا۔ ریس کے اختتام پر کامیابی فیرشٹاپن کو ملی جو ان کی موجودہ سیزن میں بارہویں فتح تھی۔