محمد اورنگزیب کو وزیرخزانہ بنانے کا فیصلہ

محمد اورنگزیب کو وزیرخزانہ بنانے کا فیصلہ
کیپشن: Muhammad aurangzeb would be the next finance minister of Pakistan

ایک نیوز:محمد اورنگزیب کو وزیرخزانہ بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا ۔

  محمد اورنگزیب حبیب  بینک کے  صدر اور چیف ایگزیکٹو کے طور پر فرائض سرانجام دے رہے ہیں  ،انہیں برطانیہ سے پاکستان لایا گیا ہے۔ گزشتہ روز  وزیراعظم شہباز شریف نے وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانےکے بعد جو میٹنگ کی اس میں محمد اورنگزیب بھی موجود تھے۔

محمد اورنگزیب 30اپریل 2018  سے حبیب بنک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر کے طور پر فرائض سرانجام دے رہے ہیں جبکہ اس سے قبل وہ گلوبل کارپوریٹ بینک کی ایشیائی شاخ کے سربراہ تھے۔انہوں نے بی ایس اور ایم بی اے کی ڈگریاں وارٹن اسکول (پنسلوانیا یونیورسٹی) سے حاصل کیں۔ان  کے پاس 30 سال سے زیادہ کا بین الاقوامی بینکنگ کا تجربہ ہے۔انہیں معاشی مہارت، شاندار کیریئر اور بہترین انٹرنیشنل ریپوٹیشن کے باعث وزارت خزانہ جیسی اہم ترین ذمہ داری سونپنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 محمد اورنگزیب پانچ دہائیوں پر محیط اپنی شاندار پروفیشنل لائف کے دوران اے بی این ایمرو اور رائل بینک آف اسکاٹ لینڈ میں بھی سنیئر پوزیشنز پر تعینات رہے۔وہ  وال اسٹریٹ جنرل یعنی ڈاؤ جونز گروپ کی قائم کردہ گلوبل سی ای او کونسل کے واحد پاکستانی ممبر ہیں جبکہ پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے چیئرمین اور انسٹی ٹیوٹ آف بینکرز کے کونسل ممبر بھی ہیں۔

ذرائع کے مطابق محمد اورنگزیب نے قائد ن لیگ نواز شریف سے  ملاقات بھی کی ہے،شہباز شریف کابینہ کے حوالے سے نواز شریف سے ملاقات کریں گے جس کے بعد  وزیر خزانہ کے لیے محمد اورنگزیب کے نام کا اعلان کیا جائےگا۔ نوازشریف دور میں وزیرخزانہ رہنے والے اسحاق ڈارکو ئی اور اہم ذمہ داری دی جائیگی ۔

اس حوالے سے جب مسلم لیگ ن کے رہنما عطاتارڑ سے سوال کیا گیا کہ کیا محمد  اورنگزیب کو مشیر خزانہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے؟تو ان کا کہناتھا کہ کابینہ کے تمام وزرا کے ناموں کا اکٹھے اعلان کیا جائیگا ، سب وزراء کے نام اور انکے محکموں کا اعلان کابینہ ڈویژن کی طرف سے کیا جائیگا۔