50لاکھ گھروں اور ایک کروڑ نوکریوں میں سے کسی کو کچھ نہیں ملا، نوازشریف

50لاکھ گھروں اور ایک کروڑ نوکریوں میں سے کسی کو کچھ نہیں ملا، نوازشریف
کیپشن: 50لاکھ گھروں اور ایک کروڑ نوکریوں میں سے کسی کو کچھ نہیں ملا، نوازشریف

 ویب ڈیسک : مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے کہاکہ پی ٹی آئی نے 50 لاکھ گھروں اور ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا، کیا کسی کو گھر ملا؟ کیا بے روزگاری ختم ہوگئی؟ ہم بلین ٹری والے نہیں ہیں، ہم جو بات کہتے ہیں وہ کرنا جانتے ہیں۔

فیصل آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ جلسے میں موجود کوئی ایک شخص بھی  ہاتھ اٹھادے جسے 50لاکھ گھروں میں سے کوئی گھر  ملا ہو؟ 

ان کا کہنا تھا کہ یہ یوتھ ممی ڈیڈی والی نہیں ہے، کہتے ہیں یہ یوتھ کسی اور کے ساتھ ہے، نہیں یہ یوتھ ن لیگ کے ساتھ ہے، میرے پاس الفاظ نہیں ہیں بس یہ کہوں گا فیصل آباد زندہ باد۔

نواز شریف نے کہا کہ  یہاں ہر بندے کے پاس روزگار ہونا چاہے،شہباز شریف صاحب! پانچ سال بعد یہاں کوئی بے روزگار نظر نہیں آنا چاہیے، شہاز صاحب آپ نے صرف میٹرو پر ٹرخادیا، یہاں میٹرو بس ہی نہیں بلکہ اورنج لائن بس بھی ہونی چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ فیصل آباد کے دائیں اور بائیں موٹر وے ہیں اور آپ کو کتنی موٹر وے چاہئیں؟ آپ نہیں بھی کہیں گے تب بھی ہم بنائیں گے، حکومت میں آکر روٹی، گیس، پیٹرول، چینی اور آٹا سستا کریں گے۔ان کا کہناتھا کہ  وہ زمانہ واپس لائیں گے جب روٹی 4 روپے کی تھی، چینی، آٹا  اور پیٹرول سستا تھا۔

سابق وزیراعظم نوازشریف نے مزید کہا کہ وہ دھرنے کر رہے تھے ہم لوڈشیڈنگ ختم کر رہے تھے۔ سونا 50 ہزار روپے تولہ تھا، غریب کو بیٹی کا ہاتھ پیلے کرنے کی فکر نہیں تھی۔