عیدالاضحیٰ امن، اتحاداور نوع انسانی کیلئے قربانی کا درس دیتی ہے،پاک فوج

عیدالاضحیٰ امن، اتحاداور نوع انسانی کیلئے قربانی کا درس دیتی ہے،پاک فوج
کیپشن: پاک فوج کا پیغام، ایف سی کے جوانوں کی سنگلاخ پہاڑوں پر عید

ایک نیوز: افواج پاکستان کی جانب سے عید الاضحیٰ کے موقع پر قوم نے نام جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ عیدالاضحیٰ امن، اتحاد، یگانگت اور نوع انسانی کیلئے قربانی کا درس دیتی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پیغام میں افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سروسز چیفس کی جانب سے عوام کو عید کی مبارک باد دی گئی ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا کہ آج شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھنےاور انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہدائے وطن ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔

واضح رہے کہ عید پر جہاں سب اپنے پیاروں کے ساتھ خوشیاں بانٹ رہے ہیں، وہیں وطن کے محافظ اپنی عید قربان کرکے سرحدوں اور سنگلاخ پہاڑوں پر اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

فرنٹئیر کور کی پہاڑوں پر عید

عید قرباں کے پرمسرت موقع پر فرنٹیر کور کے جوان اپنوں سے دور ملک اور قوم کی خاطر سرحدوں کے دفاع کے لیے سنگلاخ چٹانوں پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔لیکن مایوسی کے بجائے جوانوں کے حوصلے بھی پہاڑوں کی طرح بلند ہیں۔

عید کےروز ایف سی کے جوانوں نے نماز ادا کی اور ساتھی اہلکاروں کو گلے سے لگایا۔اس موقع پر جوانوں کیلئے کھانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔

صوبے کے دور درازعلاقوں میں دن ہو یا رات یہ جوان کسی بھی وقت اپنے فرائض سےغافل نہیں ہوتے اور دہشتگردی سمیت ہر طرح کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔

سیکورٹی اداروں کے جوان مادر وطن کی حفاظت اور امن کے لئے جان بھی قربان کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔