ارشد شریف کے سر کی قیمت لگی ہوئی تھی:شیخ رشید

 ارشد شریف کے سر کی قیمت لگی ہوئی تھی:شیخ رشید
کیپشن: ارشد شریف کے سر کی قیمت لگی ہوئی تھی:شیخ رشید

ایک نیوز نیوز:سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد  نے کہاہے کہ  کرپشن کے حوالے سے ایک فلم آرہی تھی ، ارشد شریف اسی سلسلے میں کینیا گیا تھا مافیا نے اسے مروا دیا۔میں ارشد شہید کے گھر تعزیت کیلئے آیا میرے پیچھے گاڑیاں لگی ہوئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق عومی مسلم لیگ کے سربراہ  شیخ رشید احمد نے ارشد شریف کے گھر پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ارشد شریف نے سچ کے لیے قربانی دی ہے،ارشد شریف وطن پر قربان ہوا ہے،ارشد شریف نے وطن کے لیے کفن پہنا ہے،شایان شان طریقے سے سب لوگ ان کی تدفین کریں گے۔یہ بات پہلے ہی کہی جا رہی تھی کہ ارشد شریف کے سر کی قیمت لگی ہوئی ہے، اس ملک میں بہت سے لوگوں کے سر کی قیمت لگ چکی ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ارشد شریف نے پاکستان میں تحقیقی صحافت کی،ارشد شریف کرپشن کے خلاف سٹوری کرنے کینیا گئے تھے،وہ کرپشن کے خلاف ایک ڈاکیومنٹری بنا رہے تھے۔وہ کرپٹ لوگ جو ہر چیز خرید سکتے ہیں وہی ارشد شریف کی ڈاکیومنٹری کو بھی روک رہے تھے۔وہ کرپٹ مافیا جو اپنے کیسز ختم کرسکتا ہے،جو منی لانڈرنگ سے نکل سکتا ہے،جو قانون کو خرید سکتا ہے،جو پولیس کو خرید سکتا ہے، آج میں ارشد شریف کے گھر آیا ہوں تو انٹیلیجنس کی گاڑیاں میرا پیچھا کر رہی ہیں۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ آج میں ساری دنیا کو کہنا چاہتا ہوں کہ کس قدر ظلم ہے کہ میں لال حویلی سے نکل کر اسلام آباد میں داخل ہوا ہوں،  میں ایک شہید کے گھر تعزیت کے لئے آیا ہوں اور میرے ارد گرد انہوں نے گاڑیاں لگائی ہوئی ہیں،یہ مرنے اور مارنے والی باتیں بھول جائیں اللہ بہت بڑا ہے۔ان کی شکست قریب ہے یہ شکست کھائیں گے۔ یہ منہ کے بل گرے گے۔جو پلانٹڈ لوگ لائے گئے ہیں اور جنہوں نے ساری منصوبہ بندی کی ہے وہ بھی رسوا ہوں گے۔ ارشد شریف قیامت تک زندہ رہے گا۔سب کو پتہ ہے کہ ارشد شریف کے سر کی قیمت لگانے والوں میں کون شامل ہیں۔