ایرانی صدر کراچی پہنچ گئے

 ایرانی صدر کراچی پہنچ گئے
کیپشن:  ایرانی صدر کراچی پہنچ گئے

ایک نیوز : ایرانی صدر  ابراہیم رئیسی کراچی پہنچ گئے ۔

تفصیلات کےمطابق ایرانی صدر کی کراچی آمد پر  سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے ، رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری،صوبائی وزراء عذرا پیچوہو،شرجیل انعام میمن اور سید ناصر حسین شاہ نے بھی ایرانی صدر کا استقبال کیا۔مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس جزوی طور پر متاثر رہی ۔ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کی کراچی آمد کے موقع پر شہر میں تیاریاں کی گئی ہیں۔شارع فیصل پر وزیراعظم اور صدرِ پاکستان کی جانب سے خوش آمدید کے بینرز آویزاں کیے گئے۔

ٹریفک پلان میں شامل کچھ سڑکوں کو بند کردیا گیا  اور پولیس کی نفری مختلف مقامات پر موجود رہی۔ایم اے جناح روڈ کو گرومندر سے بند کردیا گیا ہے۔ ایم اے جناح روڈ سے صدر کی طرف جانے والے روڈ پر کنٹینر لگادیے گئے ۔ایم اے جناح روڈ کی طرف جانے والی دیگر سڑکوں اور گلیوں میں بھی کنٹینر رکھ دیے گئے۔اس سے قبل یرانی صدر ابراہیم رئیسی لاہور پہنچے، جہاں انہوں نے مزاراقبال پر حاضری دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ا یئرپورٹ پر مہمان ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا استقبال کیا اور انہیں خوش آمدید کہا۔ بعد ازاں ایرانی صدر مزار اقبال حاضری دینے پہنچے جہاں انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔انہوں نے کہا کہ ایران کے عوام اور پاکستان کے عوام کے درمیان انسیت کا رشتہ پایا جاتا ہے۔ غزہ سے متعلق پاکستان کے مؤقف کو سراہتے ہیں۔ غزہ کی جنگ میں فلسطین کی فتح ہوگی۔
مہمان وفد کی آمد کے موقع پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، سینیٹر پرویز رشید، صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری، وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمٰن، صوبائی وزیر سیکنڈری ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلیمان رفیق، صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین، صوبائی وزیر انڈسٹریز چودھری شافع حسین، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، لاہور میں تعینات ایرانی قونصل جنرل مہران مواحدفر اور دیگر اس موقع پر موجود تھے۔