لاہور سمیت پنجاب کے وسطی علاقوں میں بارشیں،اربن فلڈنگ کا خطرہ

لاہور سمیت پنجاب کے وسطی علاقوں میں بارشیں،اربن فلڈنگ کا خطرہ

 ایک نیوز نیوز: لاہور کے مختلف علاقوں میں رات گئے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، محکمے کی جانب سے معمول سے زیادہ بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

 تفصیلات کے مطابق 5 گھنٹے کے دوران تاج پور کے علاقے میں 145 ملی میٹر ، ائیرپورٹ پر 135، مغل پورہ میں 126 اور لکشمی چوک میں 119 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔  

اس کے علاوہ گجرات، گوجرہ سمیت آزاد کشمیر کے مختلف حصوں اور اسلام آباد میں بھی وقفے وقفے سے بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

شدید بارشوں کے باعث گلیاں تالاب بن گئیں، کئی فٹ پانی جمع ہو گیا، بادل برستے ہی متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے جس کے باعث بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
ادھر گجرات ڈنگہ روڈ پر بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی، میاں بیوی سمیت 8 افراد ملبے تلے دب گئے، ملبے کے نیچے آکر 2 لڑکیاں جان کی بازی ہار گئیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق میاں بیوی اور بچوں سمیت 6 افراد زخمی ہوئے ہیں، جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 16 سالہ عائشہ اور 14 سالہ مریم کے ناموں سے ہوئی ہے۔

دوسری جانب کوہلو شہر اورگردونواح میں موسلادھاربارش ہوئی جب کہ چمن اور  قلعہ عبداللہ میں گردآلود ہواؤں سے بجلی کے کئی ٹاورگرگئے جس سے بجلی کی سپلائی متاثر ہوگئی، پھلوں کے باغات کو بھی نقصان پہنچا۔ 

پی ڈی ایم اے بلوچستان میں رواں برس جولائی میں بارشوں کا 30سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا اور اب تک صوبے میں 987 ملی میٹر بارش ہوئی جس میں جاں بحق افراد کی تعداد 90 ہوگئی ۔

علاوہ ازیں گزشتہ روز کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی کہیں ہلکی کہیں تیز بارش ہوئی۔