کراچی گرامر اسکول کا ہیڈ بوائے، امریکا کی اپیلٹ کورٹ کا پہلا مسلم جج

کراچی گرامر اسکول کا ہیڈ بوائے، امریکا کی اپیلٹ کورٹ کا پہلا مسلم جج
کیپشن: Head Boy of Karachi Grammar School, First Muslim Judge of US Appellate Court
mangi 1
کیپشن: mangi 1
سورس: google
کراچی گرامر اسکول کا ہیڈ بوائے، امریکا کی اپیلٹ کورٹ کا پہلا مسلم جج
mangi 1

ویب ڈیسک : پاکستانی نژاد امریکی شہری عدیل منگی  کو امریکی صدر جو بائیڈن نے اپیلیٹ کورٹ کے جج کے طور پر نامزد کیا ہے۔ اگر سینیٹ اس نامزدگی کی منظوری دیتی ہے تو وہ اس منصب پر فائز ہونے والے پہلے مسلم اور پاکستانی ہوں گے۔

عدیل منگی کی پیدائش کراچی میں ہوئی اور انہوں نے کراچی گرائمر سکول سے تعلیم حاصل کی۔ عدیل منگی کے والد عبداللہ منگی سرکاری ملازم اور والدہ ڈاکٹر انور منگی مشہور سائیکاٹرسٹ تھیں ، ان کی تقریباً پانچ سال قبل نیو یارک میں وفات ہو گئی تھی۔

ان کے خاندان کا تعلق لاڑکانہ شہر کے قریب واقع گاؤں خیرو دیرو سے ہے۔ ان کے نانا علی حسن منگی علاقے کی نامور تعلیمی، سیاسی و سماجی شخصیت تھے اور 1977 میں سکھر سے رکن قومی اسمبلی بھی منتخب ہوئے۔

عدیل منگی کراچی گرائمر سکول میں ہیڈ بوائے رہے۔ جہاں وہ تقریری مقابلوں میں بھی شریک ہوتے تھے۔ سکول کے ریکارڈ کے مطابق بعض مقابلوں میں انھوں نے پہلا انعام حاصل کیا۔

وہ 1998 میں بیرسٹر بننے کے لیے لندن پہنچے اور آکسفورڈ یونیورسٹی سے قانون کے شعبے میں گریجوایشن کیا۔ انھوں نے سنہ 2000 میں ہارورڈ لاء اسکول سے ایل ایم کیا۔

عدیل منگی کے بڑے بھائی امریکہ میں کارڈیک سرجن ہیں جبکہ ان کی چھوٹی بہن نوین منگی صحافی اور امدادی کارکن ہیں۔ جنہوں نے علی حسن منگی کے نام سے ایک ٹرسٹ قائم کر رکھا ہے جو سندھ کے دیہی علاقوں میں فلاحی کام کرتا ہے۔

عدیل منگی نے سنہ 2000 میں لیگل فرم بیلکنپ ویب اینڈ ٹائلر ایل ایل پی کو جوائن کیا۔ اگلے چند سالوں میں وہ اس کے پارٹنر بن گئے۔

وہ نیو یارک کی مسلم بار ایسوسی ایشن، لیگل ایڈ سوسائٹی اور مسلمز فار پروگریسو ویلیوز کے بورڈ آف ڈائریکٹرز اور نیشنل ایل جی بی ٹی بار ایسوسی ایشن کے بورڈ ممبر کے طور پر خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔

امریکہ میں عدیل منگی اقلیتی مسلمانوں اور ہم جنس پرستوں سے امتیازی سلوک کے واقعات کے خلاف ایک سرگرم وکیل کی شہرت رکھتے ہیں اور کئی مقدمات میں کامیابی حاصل کر چکے ہیں۔

2016 کے دوران جب نیو جرسی میں دو مساجد کی تعمیر کی اجازت نہیں دی گئی تھی تو انہوں نے مقامی اسلامی گروپ کی جانب سے وفاقی سطح پر مقدمہ دائر کیا۔

یہ مقدمہ نیو جرسی کے سب سے بڑے اخبار کے سات اداریوں کا موضوع تھا۔ اس کی بڑے پیمانے پر تشہیر ہوئی جس کے بعد اس کا انجام تصفیے کی صورت میں نکلا۔ نہ صرف مساجد کی منظوری دی گئی بلکہ بلدیہ نے متاثرہ اسلامی گروپوں کو نمایاں معاوضہ ادا کیا۔

عدیل منگی نے حال ہی میں سافٹ ویئر انڈسٹری میں تجارتی رازوں کی چوری کے معاملے میں سات ہفتوں کے جیوری ٹرائل کے بعد دو بلین ڈالرز کے ہرجانے کا مقدمہ جیتا جو ورجینیا کی عدالتی تاریخ کا سب سے بڑا ہرجانہ تھا۔

قانون کی دنیا کے عالمی آن لائن میگزین بینچ مارک لٹیگیشن نے عدیل منگی کو رواں سال کی قانونی چارہ جوئی کا ستارہ قرار دیا ہے اور لکھا ہے کہ ان کے ساتھیوں نے منگی کو ’محتاط اور بے لگام‘ اور ایک ناقابل تسخیر آواز قرار دیا ہے۔

منگی ان آٹھ نامزد افراد میں شامل تھے جن کا بدھ کو وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا تھا۔ ایک بیان میں وائٹ ہاؤس نے انہیں ’غیر معمولی طور پر اہل، تجربہ کار، اور قانون کی حکمرانی اور خود کو آئین کے لیے وقف کرنے والی شخصیات‘ قرار دیا تھا۔

سینیٹ سے تصدیق کی صورت میں منگی یو ایس سرکٹ کورٹ آف اپیل کی صدارت کریں گے جس میں پنسلوینیا، نیو جرسی، ڈیلاویئر اور ورجن آئی لینڈ ریاستیں شامل ہیں۔

عدیل اپنے دو بیٹوں کے ساتھ امریکہ میں رہتے ہیں۔ ان کی قانونی فرم پر تعارف میں اردو، ہندی اور سندھی زبانیں تحریر ہیں۔

امریکی چینل سی این بی سی کو 2018 میں دیے گئے ایک انٹرویو میں ان کے دفتر کی دیوار پر پاکستان کے بانی محمد علی جناح، نیسلن منڈیلا، ٹیڈ کینیڈی اور پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی تصاویر موجود تھیں۔