مسلم لیگ ن نے پنجاب میں حکومت سازی کیلئے نمبرز پورے کرلئے

مسلم لیگ ن نے پنجاب میں حکومت سازی کیلئے نمبرز پورے کرلئے
کیپشن: مسلم لیگ ن نے پنجاب میں حکومت سازی کیلئے نمبرز پورے کرلئے

ایک نیوز :مسلم لیگ ن نے پنجاب میں وزرات اعلیٰ کیلئے نمبر پورے کر لیے۔

تفصیلات کے مطابق  مسلم لیگ ن میں 16 آزاد امیدوار کی شمولیت کے بعد ن لیگ کی 153 جنرل نشیتیں ہو گئیں، مسلم لیگ ن کو خواتین اور اقلیت کے37 نشتیں ملیں گی جبکہ  پنجاب اسمبلی میں قائد ایوان کی سادہ اکثریت 186 ارکان کی ضرورت ہوتی ہے ۔

واضح رہے کہ الیکشن کے بعد کئی آزاد امیدواروں نے ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا ہے ،گزشتہ روز  آزاد کامیاب ہونے والے پنجاب اسمبلی کے چار مزید ارکان نے مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے کا اعلان کیا تھا۔

چاروں نومنتخب ارکان کی نامزد وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں پی پی 132سے سلطان باجوہ، پی پی 288 سےحنیف پتافی، پی پی 289 سے محمود قادر خان اور پی پی 94 تیمور لالی مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوگئے۔

چاروں نومنتخب ارکان اسمبلی نے قائد محمد نواز  شریف اور شہباز شریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے پر سلطان باجوہ، حنیف پتافی، محمود قادر خان اور تیمور لالی کا شکریہ ادا کیا اور ان کا خیرمقدم کیا۔ 

 حلقہ این اے 189 سے شمشیر مزاری، پی پی 195 سے عمران اکرم ، پی پی 240 سے سہیل خان، پی پی 297 سے خضر حسین مزاری اورپی پی 249 سے صاحبزادہ محمد غزین عباسی نےلاہور میں شہباز شریف سےملاقات کی اورنواز شریف پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔

 اس سے قبل پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی97 چنیوٹ سے نومنتخب آزاد امیدوار ثاقب خان چدھڑ مسلم لیگ ن میں شامل ہوئے تھے جبکہ لاہور سے نومنتخب ایم این اے اور پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری لاہور وسیم قادر بھی مسلم لیگ ن میں شامل ہوئے تھے۔