سعودی شہریوں کے لیے بھی حج رجسٹریشن کا آغاز

سعودی شہریوں کے لیے بھی حج رجسٹریشن کا آغاز
کیپشن: سعودی شہریوں کے لیے بھی حج رجسٹریشن کا آغاز

 ویب ڈیسک:رواں برس ریکارڈ تعداد میں عازمین حج کی آمد کا امکان ہے اور اس حوالے سے سعودی عرب  میں مقیم غیرملکیوں اور سعودی شہریوں کے لیے بھی حج رجسٹریشن کا آغازکردیاگیا۔
وزارت حج و عمرہ نے سعودی عرب میں رہائش پذیر افراد اور مقامی لوگوں کے لیے حج رجسٹریشن شروع ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شہری ایپلی کیشن ’’نسک‘‘ کے ذریعے حج رجسٹریشن کرائی جا سکتی ہے۔
مقامی سطح پر بھی حج رجسٹریشن میں اُن خواہش مندوں کو ترجیح دی جائے گی جو پہلی بار حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ بعد ازاں گنجائش ہونے پر ان کی رجسٹریشن کی جائے گی جنھیں حج کیے ہوئے 5 سال ہوگئے ہوں۔
سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مقامی افراد کے لیے حج رجسٹریشن فیس میں ابتدائی طور پر آدھی فیس جمع کرانے کی بھی سہولت دی گئی ہے۔
وزارت حج و عمرہ نے مقامی شہریوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ جلد از جلد ویب سائٹ یا اسمارٹ فونز اور ٹیبلیٹس پر ’نسک‘ ایپلی کیشن کے ذریعے رجسٹریشن فارم بھریں۔