سادہ اکثریت ملی تو وزیراعظم نوازشریف ورنہ مشاورت سے فیصلہ کریں گے، شہبازشریف

سادہ اکثریت ملی تو وزارت عظمی کے امیدوار نوازشریف ورنہ مشاورت سے فیصلہ کریں گے، شہبازشریف
کیپشن: سادہ اکثریت ملی تو وزارت عظمی کے امیدوار نوازشریف ورنہ مشاورت سے فیصلہ کریں گے، شہبازشریف

ایک نیوز:سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں اگر سادہ اکثریت ملتی ہے تو ہمارے وزیراعظم کے امیدوار نواز شریف ہوں گے۔ اگر سادہ اکثریت نہیں ملی تو وزارت عظمیٰ کا فیصلہ مشاورت سے ہوگا۔

تفصیلات کےمطابق  شہبازشریف نے  کہا کہ الیکشن میں چند گھنٹے باقی رہ گئے ہیں، ملک میں ہونے والے دھماکوں کا مقصد ہے کہ ووٹرز کو ڈرایا جائے تا کہ وہ ووٹ ڈالنے نہ آئیں۔شہباز شریف نے کہا کہ 8 فروری کو عوام فیصلہ کریں گے کہ کونسی پارٹی حکومت بنائے گی۔ ہم نے پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا اور اگر پاکستان ڈیفالٹ کر جاتا تو بدترین صورتحال ہوتی۔ ہمیں اپنی بہترین کاوشیں کرنی چاہئیں۔

انہوں ںے کہا کہ اگر مسلم لیگ ن حکومت بنائے گی تو فی الفور ایک اور پروگرام میں جانا ہو گا اور ہمیں بڑے فیصلے کرنا ہوں گے۔ ہمارے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نوازشریف ہیں اور اگر سادہ اکثریت نہیں ملتی تو وزارت عظمیٰ کا فیصلہ مشاورت سے کیا جائے گا۔

شہبازشریف نے مزید کہا کہ  ہمیں ایسے اداروں کی نجکاری کرنی ہو گی جو نقصان کر رہے ہیں۔ کراچی پورٹ پر سال میں اربوں کھربوں کی امپورٹ ہوتی ہے اور اربوں کھربوں روپے کی امپورٹ ڈیوٹی آپ کی بنتی ہیں۔ ریکوری میں اتنی بڑی خلیج ہے جس کا سوچ بھی نہیں سکتے۔صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ موجودہ سلیب کو ریکور کر لیں تو یہ ایک بڑی کامیابی ہو گی اور ایسے اثاثوں کو بیچنا چاہیے جو نقصان میں ہیں۔ آوٹ آف دی باکس سوچنا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں پارلیمان میں اور پارلیمان سے باہر مل کر بیٹھنا چاہیے اور تمام آئینی اداروں کے ساتھ آئین کے اندر رہ کر مشاورت ہونی چاہیے۔ اگر ہم نے کشکول کوتوڑنا ہے تو بڑے بڑے فیصلے کرنا ہوں گے اور نوازشریف اکیلا، میں اکیلا اس کشتی کو پار نہیں لگا سکتے بلکہ ہمیں سب کے ساتھ مل کر بیٹھنا چاہیے۔