طاہر اشرفی کا جمعہ کو یوم بیت المقدس و الاقصیٰ کے طور پر منانے کا اعلان

 طاہر اشرفی کا جمعہ کو یوم بیت المقدس و الاقصیٰ کے طور پر منانے کا اعلان
کیپشن: طاہر اشرفی کا جمعہ کو یوم بیت المقدس و الاقصیٰ کے طور پر منانے کا اعلان

ویب ڈیسک :وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی ،اسلامی ممالک ومشرق وسطی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے جمعہ کو یوم بیت المقدس و الاقصیٰ کے طور پر منانے کا اعلان کردیا اور کہا  کہ او آئی سی کے متفقہ مطالبے کے مطابق اسرائیل پر جنگی جرائم کامقدمہ چلنا چاہئے ،اقوام متحدہ اپنا قائدانہ کردار ادا کرے ،اسرائیل غاصب ہے اور غاصب کو تسلیم نہیں کیا جاتا، مسیحی برادری اور پاپ فرانسس کی طرف سے فلسطینی عوام کے حق میں آواز اٹھانے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

تفصیلات کےمطابق  مولاناطاہر اشرفی نے فاطمہ چرچ اسلام آباد میں یکجہتی فلسطین کانفرنس سے خطاب کیا ۔اس موقع پر بشپ آف اسلام آباد /راولپنڈی ڈاکٹر ارشد جوزف و دیگر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھی خطاب کیا۔ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں فلسطینی بھائی خیموں کی بجائے اپنے گھروں میں آباد ہوں ۔ انہوں نےکہا کہ غزہ کی صورتحال پر پوری پاکستانی قوم ایک ہے، چاہے مسلم ہوں یا غیر مسلم، سب ایک ہیں ،میں چرچ میں پوپ فرانسس کے بیان پر ان کا شکریہ ادا کرنے آیا ہوں ۔ انہوں نےکہا کہ مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین ہماری اساس ہے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

انہوں نے اعلان کیا کہ (کل)جمعہ کو ملک بھر میں یوم بیت المقدس و الاقصیٰ کے طور پر منایا جائے گا ۔طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ملک میں کسی کو نفرت کے بیج نہیں بونے دیں گے ۔ انہوں نےکہا کہ فلسطین میں مساجد کے ساتھ چرچز کو بھی نشانہ بنایا گیا ، مساجد ،مدرسوں اور ہسپتالوں اور اقوام متحدہ کی عمارتوں کو بھی تباہ کیا گیا، یہ جنگ نہیں سراسر نسل کشی ہے۔بشپ چرچ نے کہا کہ فلسطین میں کسی ایک مذہب نہیں بلکہ انسانیت پر ظلم جاری ہے ،ہم بھی اسی طرح مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہیں جیسے مسلم سراپا احتجاج ہے، کچھ لوگ اس معاملے پر نفرت کے بیج بونا چاہتے ہیں۔