پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات 5فروری کو ہوں گے : شیڈول جاری

پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات 5فروری کو ہوں گے : شیڈول جاری
کیپشن: پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات 5فروری کو ہوں گے : شیڈول جاری

ویب ڈیسک :پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات کا باضابطہ شیڈول جاری کر دیا گیا۔

تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات 5 فروری کو منعقد کروائے جائیں گے۔تحریک انصاف کے فیڈرل الیکشن کمشنر رؤف حسن نے انٹرا پارٹی انتخابات کا شیڈول جاری کیا۔پی ٹی آئی کے تمام رجسٹرڈ ممبران اپنی مرضی کے پینل یا چیئرمین کے امیدوار کے حق میں مختص مقامات پر ووٹ ڈال سکتے ہیں، پارٹی ممبران اپنا ووٹ ’رابطہ ایپلیکیشن انٹرا پارٹی الیکشن ماڈیول‘ کے ذریعے بھی ریکارڈ کرا سکتے ہیں۔

31 جنوری تک رجسٹر تمام ممبران کو ووٹ ڈالنے کی اجازت ہو گی، انٹرا پارٹی الیکشن میں حصہ لینے والے تمام پینلز کی تفصیل پی ٹی آئی کی آفیشل ویب سائٹ اور رابطہ ایپلیکیشن پر دستیاب ہو گی۔الیکشن کے تفصیلی طریقے کار کی وضاحت الیکشن رولز، 2020 میں موجود ہے، جو ویب سائٹ اور رابطہ ایپ پر دستیاب ہے، پولنگ کا وقت 5 فروری بروز پیر صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک ہو گا۔الیکشن کے مقامات اور اپیلٹ ٹربیونل کی تاریخ کا اعلان یکم فروری کو کیا جائے گا، کاغذات نامزدگی 1 سے 2 فروری تک پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹریٹ یا ویب سائٹ سے حاصل کیے جاسکیں گے۔

کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی آخری تاریخ 2 فروری کی رات 10 بجے تک ہوگی، امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی مرکزی اور صوبائی سیکرٹریٹس اور ڈیجیٹلی بذریعہ ای میل بھی جمع کرا سکیں گے۔

انٹرا پارٹی الیکشن کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی کا عمل 3 فروری کو ہو گا، کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کی صورت میں اعتراضات جمع کروانے کا وقت 3 فروری رات 10 بجے تک ہوگا، انٹرا پارٹی الیکشن میں حصہ لینے والے تمام فائنل پینلز کی فہرستیں 4 فروری کی شام 4 بجے ویب سائٹ پر شائع کی جائیں گی، انٹرا پارٹی الیکشن کے نتائج کا باضابطہ اعلان 6 فروری بروز منگل کیا جائے گا۔