جاپان: 7.4 شدت کا زلزلہ، ساحلی علاقوں میں سونامی کی لہریں

جاپان: 7.4 شدت کا زلزلہ، ساحلی علاقوں میں سونامی کی لہریں
کیپشن: جاپان: 7.4 شدت کا زلزلہ، ساحلی علاقوں میں سونامی کی لہریں

ویب ڈیسک: جاپان کے مغربی حصے میں 7.4 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ صبح سویرے آنے والے زلزلے کے باعث خوف وہراس پھیل گیا اور لوگ کھلی جگہوں پر نکل آئے۔ زلزلے سے اب کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

تفصیلات کے مطابق جاپان میٹرولوجیکل ایجنسی نے شدید نوعیت کے زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کردی ہے۔ 

جاپان میں شدید نوعیت کے زلزلے کے بعد اب سوشل میڈیا پر ویڈیو آنا شروع ہوگئی ہیں۔ جس میں زلزلے کی وجہ سے عمارتوں کو برے طریقے سے جھولتے دیکھا جاسکتا ہے۔ 

زلزلے کے جھٹکے شمالی اور جنوبی کوریا میں بھی محسوس کیے گئے۔

https://www.pnntv.pk/uploads/digital_news/2024-01-01/news-1704096968-2025.mp4

شہریوں کو ساحلی علاقوں سے دور منتقل ہونےکی ہدایت کردی گئی ،حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ 5 میٹر تک بلند لہریں اٹھ سکتی ہیں۔

این ایچ کے نے رپورٹ کیا کہ ہوکوریکو الیکٹرک پاور نے کہا ہے کہ وہ اپنے جوہری پاور پلانٹس میں کسی بھی ممکنہ بے ضابطگی کی جانچ کر رہا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپان میں زلزلے کے بعد شہریوں کو بلند مقامات پر جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلہ جاپان کے نوتو ریجن میں آیا۔

جاپانی میڈیا کے مطابق نوتو ریجن میں سونامی کے باعث لہریں 5 میٹر تک بلند ہونے کا امکان ہے۔

میڈیا کے مطابق اشی کاوا، نیگاتا، تویوما صوبوں کے ساحلی ریجن کیلئے سونامی کی وارننگ جاری کی گئی ہے، جاپان کے صوبے اشیکاوا کی بندرگاہ پر 1.2 میٹر بلند سونامی لہر ریکارڈ کی گئی۔جاپانی الیکٹرک پاور کمپنی کے مطابق جاپان میں زلزلے کے باعث 36 ہزار سے زائد گھروں کو بجلی منقطع ہو گئی ہے۔جاپان میں زلزلے کے مرکز کے اردگرد کی کئی اہم شاہراہیں بند کردی گئیں اور نوتو ریجن کے درمیان چلنے والی بلٹ ٹرین سروس بھی معطل کر دی گئی۔

ترجمان جاپانی حکومت کا کہنا ہے کہ زلزلے سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔جنوبی کوریائی میٹرولوجیکل ایجنسی کے مطابق جاپان زلزلے کے بعد جنوبی کوریا کے مشرقی صوبے میں سمندرکی سطح میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ 

خبررساں ادارے  کے مطابق جنوبی کوریا کے محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ جاپان میں زلزلے کے بعد کوریا کے مشرقی ساحل پر واقع گینگون صوبے کے کچھ حصوں میں سمندر کی سطح بلند ہو سکتی ہے۔