بلوچ گلوکارہ ایوا بی کی گریمی ریکارڈنگ اکیڈمی میں شاندار پرفارمنس

بلوچ گلوکارہ ایوا بی کی گریمی ریکارڈنگ اکیڈمی میں شاندار پرفارمنس

ایک نیوز: پاکستان کی پہلی بلوچ ریپر اورگلوکارہ ایوا بی نے میوزک کے سب سے بڑے پلیٹ فارم گریمی ریکارڈنگ اکیڈمی کیلئے اپنی پرفارمنس سے دھاک بٹھا دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق گریمی ریکارڈنگ اکیڈمی کی پرفارمنس سیریز گلوبل اسپن آرٹسٹس کو اپنا ٹیلنٹ انٹرنیشنل لیول پردکھانے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ بلوچی گلوکارہ ایوا بی نے گریمی ریکارڈنگ اکیڈمی کے گلوبل اسپن کیلئے ریپ ٹریک ’سن رائز ان لیاری‘ پرشاندار پرفارمنس دی ہے۔ گانے کی ویڈٖیو کراچی کے پسماندہ علاقے لیاری کی گلیوں میں فلمائی گئی  ہے جہاں ایوا بی روایتی لباس میں ملبوس حجاب اور نقاب کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کررہی ہیں۔ ایوا بی نے یہ گانا گریمی پلیٹ فارم گلوبل اسپن کیلئے ہی لکھا ہے۔

اس حوالے سے ایوا بی کا کہنا ہے کہ گلوبل اسپن سیریزکیلئےپرفارمنس میرا خواب تھا جو پورا ہوچکا ہے۔ یہ میرے لیےخوشی کی بات ہے کہ میں معروف انٹرنیشنل پلیٹ فارمز پر اپنی موسیقی سے پاکستان اور لیاری کی نمائندگی کر رہی ہوں۔ پوری دنیا کو لیاری کی کہانی بتانا بہت ضروری ہےکیونکہ یہ نہ صرف میری پہچان بلکہ یہ سرحد پار لوگوں کو متاثرکرسکتی ہے

 ’سن رائز ان لیاری‘ کے بارے میں تفصیل بتاتے ہوئے ایوا بی نے کہا کہ یہ صرف ایک گانا نہیں بلکہ میرے اب تک کے سفر کی عکاسی کرتا ہے۔ گانے میں نشاندہی کی گئی ہے کہ لیاری سے تعلق رکھنے والے چھوٹے فنکاروں کو نظرانداز کیا جاتا ہے لیکن وہ ثابت قدم رہ کر اپنا فن دنیا کے سامنے پیش کرتے رہتے ہیں۔

ایوا بی نے مزید کہا کہ یہ سفرختم نہیں ہوا کیونکہ ابھی مزید کامیابیاں حاصل کرنا باقی ہیں، وہ مسلسل نئے پروجیکٹس پر کام کرتے ہوئے کامیابی کے نئے راستے تلاش کرنے میں مصروف ہیں۔ ایوا بی کے مطابق وہ اپنا نیا البم تیار کرنے میں بھی مصروف ہیں۔

واضح رہے کہ ہالی ووڈ کی مقبول ٹی وی سیریز مس مارول کی پہلی قسط میں بھی ایوا بی کا گانا ’روزی‘ شامل کیا گیا تھا اس کے علاوہ کوک اسٹوڈیو سیزن 14 میں کیفی خلیل اور بلوچ گلوکار وہاب بگٹی کے ساتھ سیزن کے مقبول ترین گانے ’کنایاری‘ سے بھی عالمی شہرت ملی تھی۔ گلوکارہ کو ٹائمز اسکوائر نیویارک پر اپنے ملک کی نمائندگی کرنے والی پہلی خاتون بلوچ آرٹسٹ ہونے کا اعزازبھی حاصل ہے۔