ن لیگ کیساتھ ملکر الیکشن لڑنا ہماری ترجیح ہوگی ، مولانا فضل الرحمان 

ن لیگ کیساتھ ملکر الیکشن لڑنا ہماری ترجیح ہوگی ، مولانا فضل الرحمان 
کیپشن: ن لیگ کیساتھ ملکر الیکشن لڑنا ہماری ترجیح ہوگی ، مولانا فضل الرحمان 

ویب ڈیسک : جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ن لیگ کیساتھ ملکر الیکشن لڑنا ہماری ترجیح ہوگی ،اگر سپریم کورٹ کے حکم پر الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کرنا ہے تو پھر الیکشن کمیشن کا کیا فائدہ؟
تفصیلات کے مطابق نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اس وقت ملک میں امن و امان کی صورتحال ٹھیک نہیں ہے کیونکہ دو صوبے اس وقت بدامنی کی زد میں ہیں، ہم نے کہا ہمیں الیکشن دیں تو اس کے ساتھ پُرامن انتخابی ماحول بھی دیں، ہم آزاد ماحول کے ساتھ الیکشن مانگ رہے ہیں۔
فضل الرحمان نے مطالبہ کیا کہ الیکشن میں تمام امیدواروں کو برابر کا موقع ملنا چاہیے، سپریم کورٹ کے حکم پر شیڈول جاری کرنا ہے تو الیکشن کمیشن کا کیا فائدہ؟ چیف الیکشن کمشنر کہتے ہیں دو صوبوں میں امن و امان کی صورتحال بہتر نہیں لیکن میں دعاگو ہوں۔
انہوں نے کہا کہ جب ہم تحفظات کا اظہار کرتے ہیں تو کہا جاتا ہے الیکشن سے بھاگ رہے ہیں، انتخابی مہم میں باہر نہ نکلنے کیلیے انتظامیہ نے ہمیں نوٹس دئیے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ زیادتی نہیں بلکہ انہیں پراجیکٹ کرنے کیلیے کام ہو رہا ہے، نشان کے معاملے پر پشاور ہائی کورٹ پورے ملک کا فیصلہ کیسے کر سکتی ہے؟ معیشت تباہ کرنے والوں کو دوبارہ مسلط کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، پشاور ہائی کورٹ کا دائرہ اختیار صرف اپنے صوبہ تک ہے۔
فضل الرحمان نے بتایا کہ (ن) لیگ سے بات چیت چل رہی ہے لیکن کسی نتیجے پر نہیں پہنچے، ہماری ترجیح ہے الیکشن مل کر لڑیں۔
نیوز کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے آج بھی وطن عزیز کو ایک اسلامی ملک کی شناخت نہ دے سکے، حکومت مصلحتوں کا شکار ہو کر اپنا وقت گرزار دیتی ہے، 9 الیون کے بعد پاکستان ایک سیکولر اسٹیٹ کے طور پر دنیا میں معترف ہو رہا ہے، پڑوسی ممالک کے ساتھ مسائل مذاکرات سے حل کرنا چاہتے ہیں۔