نوازشریف ، شہبازشریف کی مریم نواز کو وزیراعلیٰ منتخب ہونے پر مبارکباد

نوازشریف ، شہبازشریف کی مریم نواز کو وزیراعلیٰ منتخب ہونے پر مبارکباد
کیپشن: نوازشریف ، شہبازشریف کی مریم نواز کو وزیراعلیٰ منتخب ہونے پر مبارکباد

ایک نیوز :وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہونے کے بعد نوازشریف اور شہبازشریف نے مریم نواز کو مبارکباد دی ۔
تفصیلات کےمطابق مریم نوازشریف نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس ختم ہونے کے بعد  اپنے والد نوازشریف ، چچا شہبازشریف اور حمزہ شہبازسے ملاقات کی ۔ اس موقع پر تینوں نے مریم نواز کو وزیراعلیٰ منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ۔

اس موقع پر نامزد وزیراعظم شہبازشریف نے مریم نواز شریف کو وزیر اعلی پنجاب کا حلف اٹھانے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ امید کرتا ہوں مریم نواز شریف بطور وزیر اعلی پنجاب، عوام کی خدمت اور فلاح و بہبود کیلئے دن رات ایک کردیں گی، صوبے کی ترقی، گڈ گورننس اور عوامی خدمت کا منشور لیکر مریم نواز شریف میدان میں اتری ہیں، مریم نواز شریف اپنی قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت صوبے کی ترقی کیلئے اپنا فعال کردار ادا کریں گی۔جبکہ قائد عوام میاں نواز شریف نے نومنتخب وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی کامیابی کیلئے خصوصی دعا اور نیک خواہشات کا اظہارکیا۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کی نامزد امیدوار مریم نواز بھاری اکثریت سے پنجاب کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ منتخب ہوگئی ہیں، ان کے مد مقابل سنی اتحاد کونسل کے امیدوار رانا آفتاب نے اپنے حمایت یافتہ اراکین صوبائی اسمبلی کے ہمراہ اس انتخابی عمل کا بائیکاٹ کیا، ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے پر ایوان میں نواز شریف کے حق میں نعرے بازی بھی ہوئی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے ووٹنگ مکمل ہونے کے بعد گنتی کا عمل ہوا جس کے مطابق مریم نواز نے 220 ووٹ حاصل کیے جبکہ رانا آفتاب کو کوئی ووٹ نہیں دیا گیا، نو منتخب اسپیکر ملک محمد احمد خان نے مریم نواز کو وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے انہیں قائد ایوان کی نشست پر آنے کی دعوت دی۔