پنجاب میں نمونیہ کا راج برقرار: 24 گھنٹوں کے دوران 270 نئے کیسز رپورٹ

پنجاب میں نمونیہ کا راج برقرار: 24 گھنٹوں کے دوران 270 نئے کیسز رپورٹ
کیپشن: Pneumonia reigns in Punjab: 270 new cases reported in 24 hours

ایک نیوز: سموگ اور خشک سردی کے باعث نمونیہ کیسز میں اضافہ جاری ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں پنجاب میں نمونیہ کے مزید 270 کیس رپورٹ ہوئے جبکہ لاہور میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 135 ہے۔ 

لاہور میں مجموعی کیسز کی تعداد 1820 جبکہ پنجاب میں مجموعی طور پر 8830 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں پنجاب میں نمونیہ سے 12 بچے جاں بحق ہوگئے جبکہ لاہور میں جاں بحق بچوں کی تعداد 2 ہے۔ نمونیہ سے جاں بحق بچوں کی مجموعی تعداد 214 تک پہنچ گئی ہے۔

لاہور کے ہسپتالوں میں نمونیہ ،چیسٹ انفیکشن اور وائرل انفیکشن کے سینکڑوں بچے زیر علاج ہیں۔ چلڈرن ہسپتال میں 55 سے زائد بچے زیرعلاج ہیں۔ جناح ہسپتال، سروسز، جنرل اور گنگارام ہسپتال میں بھی سینکڑوں بچے زیرعلاج ہیں۔

دوسری جانب عام مارکیٹ میں نمونیہ ویکسیئن اور ادویات کی دستیابی کا فقدان ہے۔  ادویات کی عدم دستیابی سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ڈائریکٹر سی ڈی سی ڈاکٹر یداللہ کا کہنا ہے کہ بچوں کو حفاظتی ٹیکوں کا کورس ضرور مکمل کروائیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ 24 دن کے دوران نمونیا سے پنجاب بھر میں 220 بچے دم توڑ چکے ہیں۔ دوسری جانب ڈینگی بھی بتدریج بڑھ رہا ہے۔ ایک مہینے میں 22 کیس اسپتالوں میں لائے گئے ہیں۔