تقریب سے خطاب کے دوران پروفیسراسٹیج پر ہی چل بسے

تقریب سے خطاب کے دوران پروفیسراسٹیج پر ہی چل بسے
کیپشن: تقریب سے خطاب کے دوران پروفیسراسٹیج پر ہی چل بسے

ویب ڈیسک :بھارت کے شہر کانپور میں یونیورسٹی کی تقریب سے خطاب کے دوران ایک سینئر پروفیسر دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے۔

تفصیلات کےمطابق  55 سالہ پروفیسر سمیر کھانڈیکر سابق طلبہ کی تقریب سے خطاب کے دوران صحت کا معیار بلند رکھنے سے متعلق مشورے دے رہے تھے۔ ان کے آخری الفاظ تھے ”اپنی صحت کا بھرپور خیال رکھیے۔“اتنا کہنے کے بعد پروفیسر سمیر کھانڈیکر کو تھوڑی سی بے چینی محسوس ہوئی۔ انہوں نے سینے میں درد محسوس کیا۔ وہ کچھ دیر کے لیے بیٹھ گئے۔

آڈیٹوریم میں موجود لوگ یہ سمجھے کہ وہ شاید تقریب کی مناسبت سے جذباتی ہوگئے ہیں اس لیے کسی کے ذہن میں یہ بات نہیں آئی کہ انہیں شاید دل کا دورہ پڑنے والا ہے۔

چند لمحات کے بعد پروفیسر سمیر کھانڈیکر کے چہرے پر پسینے کے قطرے نمودار ہوئے اور وہ گرگئے۔ انہیں فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا تاہم وہاں پہنچے تک وہ اس جہانِ فانی سے رخصت ہوچکے تھے۔پروفیسر کھانڈیکر کو چار سال سے کولیسٹرول کی شکایت تھی اور ان کا باضابطہ علاج بھی چل رہا تھا۔