ہالینڈ کا یوکرین کو 18 امریکی ساختہ ایف 16 جنگی طیارے دینے کا فیصلہ

ہالینڈ کا یوکرین کو 18 امریکی ساختہ ایف 16 جنگی طیارے دینے کا فیصلہ
کیپشن: Holland's decision to give 18 US-made F-16 fighter jets to Ukraine

ویب ڈیسک: ہالینڈ نے روس کے ساتھ جاری یوکرینی جنگ میں یوکرین کو 18 امریکی ساختہ جدید جنگی طیارے ایف سولہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہالینڈ کی حکومت نے روس کے خلاف یوکرین کی مدد میں یہ اعلان جمعہ کے روز کیا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر ڈچ وزیراعظم مارک روٹے نے بتایا ہے 'یہ اطلاع یوکرین کے صدر ولادی میر زیلنسکی کو دے دی گئی ہے۔' وزیر اعظم نے کہا ' 18 ایف سولہ طیاروں کی ابتدائی ڈلیوری کی جا رہی ہے۔'

بیان کے مطابق 'ایف سولہ طیاروں کی یہ ڈلیوری یوکرین کے لیے فوجی امداد کے حوالے سے اہم ترین اسلحہ معاہدے کی کڑی ہے۔' اس سلسلے میں ڈچ وزارت خارجہ کو ایک 'ایکسپورٹ پرمٹ' کا انتظار ہے۔ 'تاہم وزیراعظم روٹے ' نے اس بارے میں فوری طور پر کوئی 'ٹائم لائن' نہیں دی ہے۔

ادھر صدر زیلنسکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ' ایکس' پر اپنے بیان میں کہا ہے' میں ڈچ وزیراعظم مارک روٹے سے بات کر کے ان کا شکریہ ادا کیا ہے کہ انہوں نے 18 ایف سولہ طیاروں کی ڈیلیوری کی تیاری شروع کر دی ہے۔ '

واضح رہے ہالینڈ نے ایک ایف سولہ طیارہ پچھلے ماہ بھجوایا ہے تاکہ یوکرینی پائلٹ اس پر تربیت مکمل کرلیں۔ یہ طیارہ رومانیہ بھجوایا گیا ہے جہاں یوکرینی پائلٹ اور دوسرے اہلکار تربیت کے لیے موجود ہیں۔

علاوہ ازیں ناروے، بیلجئیم اور ڈنمارک نے بھی یوکرین کو ایف سولہ طیارے دینے کا اعلان کیا ہے تاکہ یوکرین کی روس کے ساتھ جنگ میں مدد کی جا سکے۔