پاکستان اور چین کےمابین 4مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط 

پاکستان اور چین کےمابین 4مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط 
کیپشن: پاکستان اور چین کےمابین 4مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط 

ایک نیوز: پاکستان اور چائنہ انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کو آپریشن ایجنسی کے مابین  4مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط  کر دیئے گئے۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین  چائنہ ڈویلپمنٹ کواپریشن ایجنسی (CIDCA)  لؤو ژاؤہوئی (Luo Zhaohui) کی سربراہی میں چین کے اعلی سطحی وفد کی اسلام آباد میں ملاقات ہوئی. وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے جس نے پاکستان کی ہر مشکل وقت میں مدد کی جس پر مجھ سمیت پوری قوم انکی شکرگزار ہے. CIDCA کے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار کی تعریف کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے CIDCA کے پاکستان میں 2022 کے سیلاب کے بعد بحالی اور تعمیرِ نو کے اقدامات پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا. 

وزیرِ اعظم نے کہا کہ سی پیک نے پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے لوگوں کی خوشحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے. انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ صنعت، سائنس و ٹیکنالوجی اور گرین ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں ترقی کا باعث بنے گا. انہوں نے کہا کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کیلئے اشتراک کا ایک اہم موقع ہے.  

پاکستان میں چین کے سفیر  جیانگ ژائیڈونگ بھی ملاقات میں شریک تھے. اسکے علاوہ وفاقی وزراء اسحاق ڈار، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، سید محسن رضا نقوی، احسن اقبال، معاون خصوصی طارق فاطمی، اور اعلی پاکستانی و چینی حکام نے بھی ملاقات میں شرکت کی. 

وزیرِ اعظم دونوں ممالک کے مابین چار مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کی تقریب میں بھی شریک ہوئے. ان مفاہمتی یاداشتوں میں سیلاب کے بعد بحالی، اطلاعاتی و مواصلاتی ٹیکنالوجی، جنکاؤ ٹیکنالوجی، منصوبہ سازی برائے چین پاکستان ترقیاتی تعاون (2024-28) شامل ہیں. اسکے علاوہ کوئٹہ میں ابتدائی طبی امداد سینٹر کیلئے لیٹر آف ایکسچینج اور عالمی ترقیاتی اقدام کے تحت افرادی قوت کی ترقی سے متعلق پروٹوکول پر بھی دستخط کئے گئے. یہ معاہدے پاکستان اور چین کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کے مزید فروغ کی عکاسی کرتے ہیں.