وفاقی وزیراطلاعات عطااللہ تارڑ سےچینی سفیرکی ملاقات

وفاقی وزیراطلاعات عطااللہ تارڑ سےچینی سفیرکی ملاقات
کیپشن: Chinese Ambassador meeting with Federal Information Minister Attaullah Tarar

ایک نیوز:وفاقی وزیراطلاعات عطااللہ تارڑسےچینی سفیرجیانگ ژئی ڈونگ نےملاقات کی ۔
چینی سفیر نے عطااللہ تارڑ کو وزارت اطلاعات کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی ۔
ملاقات میں سی پیک، پاک چین اسٹریٹجک تعلقات، میڈیا اور فلم کے شعبے میں جاری تعاون اور چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور سے متعلق تبادلہ خیال اوردونوں ممالک کے درمیان میڈیا کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے اور سی پیک کے بارے میں جعلی خبروں کی روک تھام کے لئے پاک چین انفارمیشن کوریڈور کے قیام کے حوالے سے گفتگو ہوئی ۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان فلم اور ثقافت کے شعبہ میں تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق ہوا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے سی پیک کے حوالے سے جعلی خبروں کے انسداد کے لئے حکومت سے حکومت اور میڈیا سے میڈیا کی سطح پر میکنزم وضع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

وفافی وزیراطلاعات عطااللہ تارڑکاکہناتھاکہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،دونوں ممالک دوستی کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں، 1998ءمیں میرے دادا رفیق تارڑ نے بطور صدر چین کے وزیراعظم کے دورہ پاکستان پر ان کا استقبال کیا، پاک چین دوستی ہم نے نسل در نسل دیکھی ہے، ہمیں اپنی نئی نسل کو اپنی تاریخی اور مضبوط دوستی کے بارے میں آگاہ کرنا ہوگا،ہمیں نئی نسل کو بتانا ہوگا کہ کس طرح چین اور پاکستان نے مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔
عطااللہ تارڑکامزیدکہناتھاکہ چین نے شنگھائی تعاون تنظیم اور اقوام متحدہ سمیت ہر عالمی فورم پر پاکستان کی حمایت کی، دونوں ممالک کے درمیان سی پیک کی صورت میں قریبی اور پائیدار شراکت داری خطے کے وسیع تر مفاد میں ہے،سی پیک پاکستان کی معاشی ترقی کو فروغ دینے کے لئے ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، چین پاکستان اقتصادی راہداری علاقائی رابطوں کا ایک ایسا فریم ورک ہے جس سے نہ صرف چین اور پاکستان کو فائدہ ہوگا بلکہ ایران، افغانستان، ہندوستان، وسطی ایشیائی جمہوریہ اور خطے پر اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
وزیراطلاعات کاکہناتھاکہ چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور سی پیک کے بارے میں جعلی خبروں کی روک تھام کی جانب ایک اہم اسٹریٹجک اقدام ہوگا،اس کا مقصد ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی اور معلومات کے تبادلے کی طاقت کو بروئے کار لانا ہے،وزارت اطلاعات اس حوالے سے اپنا کام جاری رکھے گی، وزیراعظم شہباز شریف کا وژن ہے کہ پاکستان کو سرمایہ کار دوست ملک بنانا ہوگا۔