مسلسل بارشوں سے ڈینگی کے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے: ڈاکٹر یاسمین راشد

مسلسل بارشوں سے ڈینگی کے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے: ڈاکٹر یاسمین راشد
لاہور: وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ پنجاب میں ڈینگی کو سر نہیں اٹھانے دیں گے۔مسلسل بارشوں سے ڈینگی کے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد کی زیرصدارت انسداد ڈینگی سے متعلق اجلاس ہوا۔ اجلاس میں انسداد ڈینگی مہم کی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔سیکرٹری صحت نے مختلف محکمہ جات کی انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے کارکردگی رپورٹ پیش کی جبکہ مختلف محکمہ جات کے نمائندگان نے بھی انسداد ڈینگی مہم کے تحت اٹھائے جانے والےاقدامات کی تفصیلات پیش کیں۔

اس موقع پر ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ڈینگی کے مشتبہ مریضوں کے سرویلنس ٹیسٹنگ تیز کر دی جائے جبکہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز حضرات انسداد ڈینگی مہم کے اعدادوشمار کی خود مانیٹرنگ کریں۔انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کےعلاج کے لیے ادویات موجود ہیں جبکہ تمام کمشنرز اور ڈی سی حضرات انسداد ڈینگی مہم کی کامیابی کے لیے متحرک ہو جائیں۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب میں ڈینگی کو سر نہیں اٹھانے دیں گے اور ہاٹ سپاٹس کی زیادہ سے زیادہ نشاندہی کر کے ڈینگی لاروا کو تلف کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ عوام سے اپنے گھروں، دکانوں اور دفاتر کو صاف ستھرا رکھنے کی اپیل کرتے ہیں جبکہ مسلسل بارشوں سے ڈینگی کے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔