تحریک انصاف کا سنی اتحاد کونسل کیساتھ انتخابی اتحاد کا اعلان

پی ٹی آئی ارکان سنی اتحاد کونسل میں شامل ہوں گے،بیرسٹر گوہر کا اعلان
کیپشن: پی ٹی آئی ارکان سنی اتحاد کونسل میں شامل ہوں گے،بیرسٹر گوہر کا اعلان

 ایک نیوز : چیئر مین تحریک انصاف نے سنی اتحاد کونسل کے ساتھ انتخابی اتحاد کا اعلان کردیا، بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ہمارے امیدوار قومی، پنجاب اور خیبرپختون خوا اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل سے اتحاد کریں گے۔
تفصیلات کےمطابق پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہراور عمر ایوب نے ایم ڈبلیو ایم اور سنی اتحاد کونسل کے رہنماؤں کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کی ۔ بیرسٹر گوہر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے حمایت یافتہ امیدوار تمام صوبوں میں جیتے ہیں، ہمارے حساب سے پی ٹی آئی قومی اسمبلی کی 180 نشستیں جیت چکی ہے، ہمارے امیدوار قومی اسمبلی، پنجاب اسمبلی اور کے پی اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل کو جوائن کریں گے، ہم وفاق اور ان صوبوں میں اپنی حکومت بنائیں گے۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمارے امیدوار اپنےحلف نامے جمع کروا چکے ہیں۔ہم یہی کہتے ہیں کہ آزاد امیدوار پی ٹی آئی کے ہی ہیں، انہیں ٹکٹ ہم نے دئیے، انکو الیکشن سے پہلے بلے سے محروم کیا گیا لیکن پھر بھی جیتے   ۔

 پی ٹی آئی کے وزیراعظم کے لیے نامزد امیدوار عمر ایوب نے کہا کہ وفاق میں ہماری ہی پارٹی حکومت بنائے گی اس کے ساتھ صوبوں میں بھی حکومت ہم ہی بنائیں گے، حکومت میں آتے ہی عمران خان، بشریٰ بی بی، شاہ محمود قریشی، پرویز الہی، خواتین ورکرز اور کارکنان کو جیلوں سے رہا کرائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے امیدواروں کو فارم 45 کے مطابق کامیاب ڈکلیئر کیا جائے،ایم کیو ایم نے پاکستان تحریک انصاف کے مینڈیٹ ہر ڈاکا ڈالا خاص طور پر کراچی اور حیدرآباد کی نشستیں ہم سے چھینی گئیں۔ہم انشاء اللہ مرکز اور صوبوں میں حکومت بنائیں گے۔ریزرو سیٹیں ملنے سے ہماری طاقت میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ  نے بتادیا ہے کہ کیسے الیکشن سے پہلے الیکشن کے دن اور الیکشن کے بعد دھاندلی کی گئی۔فارم پینتالیس کے بناء پر فارم سینتالیس بننا چاہیے۔

پریس کانفرنس سے صاحبزادہ حامد رضا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کیساتھ ہمارا تعاون غیر مشروط ہے، ہماری کوئی ڈیمانڈ نہیں ،ہم مشکل میں پھنسے بھائی کے ساتھی بنتے ہیں۔ہماری پالیسی بانی پی ٹی آئی کی ہوگی۔ شدت پسندی کو پروموٹ کرنیوالی ن لیگ ہے۔ان کا کہناتھا کہ یہ اتحاد اب سے نہیں ہے ، بلکہ آج سے 7 آٹھ سال پہلے کا ہے ۔

علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پی ٹی آئی قیادت اور ورکرز نے ڈٹ جانے کی نئی تاریخ رقم کی۔ایک سازش کے تحت پی ٹی آئی کی حکومت کو عدم اعتماد سے ختم کیا گیا۔پاکستان کو بھی ڈبونے کی پوری کوشش کی گئی۔غیر قانونی طور پر الیکشن کو ملتوی کرنیکی کوشش کی گئی۔جعلی پرچیاں ڈالی گئیں ،کارکنوں کو جیلوں میں ڈالا گیا۔انتخابی نشان سے پی ٹی آئی کو محروم کیا گیاپھر بھی تحریک انصاف نے مثال قائم کی ۔