مالی فراڈ کیس،فواد چودھری جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

مالی فراڈ کیس،فواد چودھری جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل
کیپشن: مالی فراڈ کیس،فواد چودھری جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

ایک نیوز:پنڈ دادن خان تا جہلم ترقیاتی منصوبے میں مالی فراڈ کیس میں عدالت نے فواد چودھری کوجوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

تفصیلا ت کے مطابق فواد چوہدری کے خلاف پنڈ دادن خان تا جہلم ترقیاتی منصوبے میں مالی فراڈ کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔فواد چودھری کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد عدالت پیش کیا گیا۔

فواد چودھری کے وکیل راجا عامر عباس نے جیل میں بی کلاس سہولیات کی استدعا کردی۔

فواد چودھری روسٹرم پر آگئے اور کہا کہ ضمانت کی درخواست پر بھی یکم فروری کے لیے نوٹس کردیں۔ فواد چودھری کی جانب سے ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست دائر کردی گئی۔

عدالت نے فواد چوہدری کی بی کلاس کی سہولیات کے حوالے سے درخواست منظور کرلی۔

بعد ازاں عدالت نے فواد چودھری کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

فواد چوہدری کی جوڈیشل کمپلیکس میں میڈیا سے گفتگو

فواد چوہدری نےجوڈیشل کمپلیکس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران والے واقعے پر ساری قوم کو افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے کی ضرورت ہے،الیکشن اور ذاتی ایشوز اب پیچھے ہو گئے ہیں اس معاملے پر پوری قوم کو اکٹھا ہونا چاہیے اور ہم اکٹھے ہیں۔