اے این ایف کی کارروائیاں، 389 کلوگرام منشیات برآمد،10 ملزمان گرفتار

اے این ایف کی کارروائیاں، 389 کلوگرام منشیات برآمد،10 ملزمان گرفتار
کیپشن: ANF ​​operations, 389 kg of drugs recovered, 10 accused arrested

ایک نیوز: اے این ایف کا منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ 11 کارروائیوں میں 389 کلو سے زائد منشیات برآمد کرکے 10 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ 

ترجمان اے این ایف کے مطابق باچا خان ایئرپورٹ پر ابوظہبی جانے والے مسافر کے پیٹ سے 5 چرس بھرے کیپسولز برآمد کرلیے گئے۔ ملتان ایئرپورٹ سے مسقط جانے والے دو مسافروں سے 250 گرام نشہ آور گولیاں برآمدکی گئیں۔ 

جناح ایئرپورٹ کراچی پر دوحہ جانے والے مسافر سے 210 گرام آئس برآمد کرلی گئی۔ علامہ اقبال ایئرپورٹ پر ملیشیا جانے والے مسافر سے 88 گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔ ساؤتھ ایشیاء پاکستان ٹرمینل کراچی سے تھائی لینڈ بھیجے جانے والے کنٹینر سے 354400 نشہ آور گولیاں برآمد ہوئیں۔ 

تیرہ اورکزئی کے قریب دو مختلف کارروائیوں میں210 کلو چرس اور 7 کلو افیون برآمد کرلی گئی ہے۔ آر سی ڈی روڈ حب کے قریب دو ملزمان سے 91 کلو چرس برآمد کرلی گئی۔ کوٹ عبد المالک انٹرچینج شیخوپورہ کے قریب ملزم سے 29 کلو چرس اور 7 کلو افیون برآمد ہوئی۔ 

سونا خان چوک کوئٹہ کے قریب ملزم سے 18 کلو آئس برآمد ہوئی۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ملزم سے 2 کلو چرس برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر دیے گئے۔