برطانوی سرکاری بینڈ 'پسوڑی' کے سحر میں گرفتار: اپنی دھنوں میں ڈھال دیا

ایک نیوز: کوک اسٹوڈیو سیزن 14 میں گائے جانے والے مشہور زمانہ گانے 'پسوڑی' کا جادو آج بھی سرچڑھ کر بول رہا ہے اور اس گانے کو پسند کرنے والے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں پائے جاتے ہیں اور اپنی محبتوں کا اظہار بھی کرتے رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پسوڑی نے برطانوی سرکاری بینڈ کو بھی اپنا دیوانہ بنادیا ہے۔ جنہوں ںے پسوڑی کو اپنی دھنوں میں ڈھال کر عوام کے سامنے پیش کیا ہے۔ 

ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے۔ جس میں برطانوی بینڈ کو مشہور زمانہ پاکستانی گانا پسوڑی کو اپنی دھنوں میں بجاتے سنا جاسکتا ہے۔ شئیر کی گئی ویڈیو میں برطانوی فوج کے اس بینڈ کو ٹرمپٹ کی مدد سے اس دھن کو بجاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ ویڈیو کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بہت پسند کیا جارہا ہے۔ 

یاد رہے کہ کوک اسٹوڈیو سیزن14 کا مشہور زمانہ گانا پسوڑی علی سیٹھی اور شائے گل نے گایا ہے۔ جسے اب تک 10 کروڑ سے زائد مرتبہ سنا جاچکا ہے۔