چیف الیکشن کمشنر کی کینیڈا میں بطور سفیر تعیناتی :الیکشن کمیشن کی وضاحت آگئی

Efforts being made to appoint CEC Raja as envoy to Canada
کیپشن: چیف الیکشن کمشنر کی کینیڈا میں بطور سفیر تعیناتی :الیکشن کمیشن کی وضاحت آگئی

ایک نیوز :چیف الیکشن کمشنر کی بطور سفیر تعیناتی کے حوالے سے افواہوں پر الیکشن کمیشن نے بھی وضاحت جاری کردی۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ  چیف الیکشن کمشنر کے بارے میں گمراہ کن افواہ ہے کہ اُن کو کسی باہر کے ملک کا سفیر بنایا جا رہا ہے، یہ بالکل بے بنیاد بات ہے نہ ہی حکومت نے اُن کو ایسی کوئی آفر کی ہے اور نہ ہی اُن کا ایسا ارادہ ہے ۔چیف الیکشن کمشنر اپنا وقت مکمل کرنے کے بعد بھی اپنے ملک میں ہی رہیں گے ۔

الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کسی بھی بیرون ملک اسائنمنٹ کے طلب گار نہیں ہیں، ایسی افواہیں پھیلانے والوں کو اور انہیں بڑھاوادینے والوں  کو تنبیہ کی جاتی ہےکہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، ورنہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی ۔چیف الیکشن کمشنر ایسے شرپسند عناصر کا مقابلہ کرنا بخوبی جانتے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما عمر ایوب نے دعویٰ کیا کہ حکومت چیف الیکشن کمشنر کو کینیڈا میں سفیر لگا رہی ہے۔

قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کل ہمارے پاس بانی سے ملاقات کے کورٹ آرڈرز تھے، ہمیں کہہ دیا گیا یہاں سیکیورٹی خدشات ہیں، ملاقات نہیں ہوگی۔

عمر ایوب نے کہا کہ اڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ اسد وڑائچ خود کو قانون سے بالاتر سمجھتا ہے، ہم نے اسے عدالت کا حکم دکھایا تو اس نے پھینک دیا۔پی ٹی آئی رہنما نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا اور کمیشن کے دیگر ممبران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا، عمرایوب نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کو مستعفی ہونا چاہیے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہمارے پاس رپورٹس ہیں کہ چیف الیکشن کمشنر کو یہ حکومت کینیڈا بھیج رہی ہے، سکندر سلطان راجا کو کینیڈا میں سفیر لگایا جا رہا ہے۔