سپیشل اولمپک ورلڈ گیمز میں شرکت کیلئے قومی دستہ روانہ

سپیشل اولمپک ورلڈ گیمز میں شرکت کیلئے قومی دستہ روانہ

ایک نیوز: سپیشل اولمپک ورلڈ گیمز میں شرکت کیلئے قومی دستہ جرمنی روانہ ہو گیا ہے، سپیشل ایتھلیٹس اور آفیشلز نجی ایئرلائن کے ذریعے براستہ دوحا برلن جائیں گے۔

تفصیلات کے ماطبق ورلڈ گیمز 17 سے 25 جون تک جرمنی کے شہر برلن میں کھیلی جائیں گے، ورلڈ گیمز میں 190 ممالک کے سات ہزار ایتھلیٹس اپنے یونیفائڈ پارٹنرز کے ہمراہ حصہ لیں گے۔ سپیشل اولمپک کے میگا ایونٹ میں 36 مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوں گے۔

سپیشل اولمپک پاکستان کے ایتھلیٹس گیارہ کھیلوں میں حصہ لے رہے ہیں، قومی ٹیم ایتھلیٹکس، بیڈ منٹن، باسکٹ بال، بوچی، سائیکلنگ، فٹسال، ہاکی، پاورلفٹنگ، سوئمنگ، ٹینس اور ٹیبل ٹینس کے مقابلوں میں شرکت کرے گی۔

سپیشل ایتھلیٹس عبدالحق کا کہنا ہے کہ پاکستان کی نمائندگی ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے۔ پاکستان کیلئے جیت کا جذبہ ساتھ لے کرجارہے ہیں، میگا ایونٹ کیلئے نہایت پرجوش اور قومی جذبے سے سرشار ہیں قوم کو اچھا رزلٹ دیں گے۔

ایتھلیٹ سعدیہ جنید نے کہا کہ میگا ایونٹ میں شرکت سے ہمارے کھیل میں نکھار اور تجربے میں اضافہ ہوگا۔کوچ محمد بنگش کا کہنا تھا کہ پاکستانی کھلاڑی بہت باصلاحیت اور سیکھنے کی جستجورکھتے ہیں چیمپئن شپ کیلئے کھلاڑیوں نے سخت ٹریننگ کی ہے۔

رونق لاکھانی ہیڈ آف ڈیلیگیشن کا کہنا ہے کہ ورلڈ گیمز کیلئے کیلئے ہمارے ایتھلیٹس نے بھرپورتیاریاں کی ہیں،سپیشل ایتھلیٹس اپنی سو فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کر کے وکٹری اسٹینڈ تک پہنچنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔