نواز شریف کی گرفتاری ،اسحاق ڈار کا اہم بیان

نواز شریف کی گرفتاری ،اسحاق ڈار کا اہم بیان
کیپشن: نواز شریف کی گرفتاری ،اسحاق ڈار کا اہم بیان

ایک نیوز :پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ ن لیگ نوازشر یف کے ’فقیدالمثال‘ استقبال کیلئے متحرک ہے، مختلف مقامات پر بڑی تعداد میں جلسے اور کارنر میٹنگز ہو رہی ہیں۔ مریم نواز کارکنوں کو متحرک کرنے کی ذمہ داری ’انتہائی بہترین طریقے سے‘ ادا کر رہی ہیں۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ قوم نواز شریف کی ماضی کی خدمات دیکھ کر ان کا استقبال کرے گی۔اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ میاں صاحب کا بیانیہ بہت واضح ہے، ان کی ملک کیلئے تاریخی خدمات موجود ہیں، 2013 سے 2017 کا دور بہترین تھا، مہنگائی 2 فیصد اور گروتھ ریٹ 6 فیصد سے زائد تھا، تین دھرنوں کے باوجود زرمبادلہ کے ذخائر 24 ارب ڈالرز تک پہنچ گئے تھے، پاکستان اسٹاک ایکسچینج بنائی گئی، 2016 تک دنیا کی 24ویں بہترین معیشت بن چکے تھے۔
انہوں نے کہا کہ 7 دسمبر 2017 کو بلوم برگ نے پاکستانی روپے کو مستحکم ترین کرنسی قرار دیا تھا، آج پاکستان دنیا کی 42ویں معیشت بن چکا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ اب ان تمام چیزوں کو اگر ریورس کرنا ہے تو عوام کی جانب سے دیے گئے پانچ سال کے محدود وقت میں نواز شریف معیشت کی بہتری کیلئے پوری توانائی استعمال کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری کئی بیٹھکیں ہوچکی ہیں، کئی میٹنگز ہوچکی ہیں ، ہمارا روڈ میپ تیار ہے۔

احتساب کے بیانیے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے صرف انتقام کی سیاست کی، انہوں نے اپنے مخالفین خصوصاً ن لیگ کے رہنماؤں کو چن چن کر نشانہ بنایا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ ’میاں صاحب نے آج نہیں 2017 میں آسمان کی طرف دیکھ کر کہا تھا میں اپنا معاملہ اللہ تعالیٰ کے سپرد کرتا ہوں‘۔انہوں نے کہا کہ ’پاکستان کی تاریخ میں کوئی ایک ایسا کیس بشمول ذوالفقار علی بھٹو صاحب مجھے بتا دیں کہ جس کے جو شواہد ہیں وہ اس کے حق میں اللہ تعالیٰ نے عوام میں اتنی جلدی دکھا دیے ہوں اور عوام کے سامنے آچکے ہوں، جج ارشد ملک سے لے لیں، جسٹس شوکت صدیقی سے لے لیں، ایک ایک کرکے دیکھ لیں تمام چیزیں عوام میں آچکی ہیں‘۔