تحریک انصاف کی قیادت شاہ محمود قریشی کریں گے یا علیمہ خان؟؟

تحریک انصاف کی قیادت شاہ محمود قریشی کریں گے یا علیمہ خان؟؟
کیپشن: تحریک انصاف کی قیادت شاہ محمود قریشی کریں گے یا علیمہ خان؟؟

ایک نیوز :توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف  عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی قیادت شاہ محمود قریشی کریں گے یا عمران خان کی بہن علیمہ خان ؟پارٹی کیلئے ایک نیا مسئلہ کھڑا ہوگیا۔

پارٹی ذرائع  کے مطابق عمران خان کی غیر موجودگی میں شاہ محمود قریشی پارٹی امور کی سربراہی کریں گے، اسد قیصر، شہریار آفریدی، فردوس شمیم نقوی، علی محمد خان ساتھ ہوں گے۔ شاہ محمود اور کورکمیٹی کا وکلا کے ہمراہ پہلا ٹاسک پارٹی چیئرمین کی رہائی ہوگا۔ ایک ہفتے قبل عمران خان نے شاہ محمود قریشی کو انتخابات کی تیاری کا ٹاسک دیا تھا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق 14 اگست سے انتخابات کے لیے سیاسی جدوجہد کو شاہ محمود قریشی لیڈ کریں گے۔شاہ محمود قریشی نے پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس بلالیا ہے، اعجاز چوہدری، یاسمین راشد اور عمر سرفراز چیمہ پارٹی امور میں معاونت کریں گے۔انتخابات سےمتعلق پی ڈی ایم اتحاد سے شاہ محمود قریشی مذاکرات کریں گے جس میں عامر ڈوگر ، قاسم سوری، مراد سعید اور عالمگیر خان ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

دوسری جانب ذرائع یہ بھی دعویٰ کررہے ہیں کہ چیئرمین تحریک انصاف و سابق وزیراعظم کی گرفتاری پر پارٹی قیادت اب علیمہ خان کے پاس چلی گئی ہے ۔ ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ پارٹی کے امور اب چیئرمین تحریک انصاف کی بہن علیمہ خان چلائیں گی۔

 واضح رہے کہ اسلام آبادکی عدالت نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کو تین سال قید کی سزا سنادی ہے جس کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کو لاہور سے گرفتار کرلیا گیا۔

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت  نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو تین سال قید کی سزا سنائی اور ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائدکیا۔عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اگر عمران خان ایک لاکھ روپے جرمانہ نہیں دیں گے تو 6 ماہ مزید قید ہوگی۔