عمران خان کو انصاف سے محروم رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے ،تحریک انصاف

 عمران خان کو انصاف سے محروم رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے ،تحریک انصاف
کیپشن: عمران خان کو انصاف سے محروم رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے ،تحریک انصاف
سورس: عمران خان کو انصاف سے محروم رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے ،تحریک انصاف

ایک نیوز :پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ۔

تفصیلات کےمطابق پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اہم ترین اجلاس ہوا ،چیئرمین تحریک انصاف کی ضمانت کے معاملے کو مسلسل تاخیر کی نذر کئے جانے پر نہایت غم و غصّے کا اظہار کیا گیا۔خصوصی جج کی ہفتہ بھر کی رخصت کے بعد ڈیوٹی جج کی جانب سے چیئرمین تحریک انصاف کی درخواستِ ضمانت کی سماعت سے گریز باعثِ تشویش قرار دی گئی۔

کور کمیٹی اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا کہ چیئرمین تحریک انصاف کے مقدمات امتیازی انصاف کی گھٹیا ترین مثالیں ہیں،پہلے توشہ خانہ کے جھوٹے مقدمے میں قانون و انصاف کی دھجّیاں اڑاتے ہوئے غیرمعمولی عجلت میں چیئرمین تحریک انصاف کو سزا دی گئی،اب سائفر معاملے میں حیلہ سازیوں سے چیئرمین تحریک انصاف کو عدل سے محروم کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

کورکمیٹی نے اپنے اعلامیے میں کہا کہ خصوصی جج کی رخصت ہی کی آڑ میں وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کا معاملہ بھی التواء میں ڈالا گیا،تکنیکی بنیادوں پر تحریک انصاف کے قائدین کو انصاف سے محروم کرنے اور قید میں رکھنے کا سلسلہ فوری بند ہونا چاہئے،اجلاس میں تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الہیٰ کے عدالتی حکم کے باوجود گرفتاری کے معاملے کی لاہور ہائیکورٹ میں سماعت کا جائزہ ،عدالت کی جانب سے آئی جی اسلام آباد کےخلاف توہینِ عدالت کے نوٹس کے اجراء اور عدالتی افسر کے ذریعے چودھری پرویز الہیٰ کی بازیابی کے حکم پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

کورکمیٹی نے عدالتِ عالیہ سے چودھری پرویز الہیٰ کے حقوق کے تحفظ اور قانون سے سنگین انحراف کے مرتکب افسران کیخلاف کڑی کارروائی کی استدعاکی ،کورکمیٹی کی جانب سے عدالتِ عالیہ سے جھوٹے مقدمات میں جیلوں میں قید سینئر قائدین اور خواتین سمیت ہزاروں بےگناہ کارکنان کو فراہمی انصاف کی بھی استدعاکی گئی۔اجلاس میں گلگت بلتستان میں گشیدگی اور حکومتی نااہلی و بےعملی کا بھی جائزہ لیا گیا ۔