صدر کا انتخاب :سپیکر ایاز صادق نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کرلیا

صدر کا انتخاب :ایاز صادق نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کرلیا
کیپشن: صدر کا انتخاب :ایاز صادق نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کرلیا

ایک نیوز :صدر مملکت کے انتخاب کیلئے ا سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 9 مارچ کی صبح 10 بجے طلب کیا گیا ہے ،اجلاس میں صدر مملکت کے انتخاب کےلیے صبح دس بجے سے شام چار بجے تک پولنگ ہوگی۔

واضح رہے کہ  صدارتی انتخاب میں آصف علی زرداری اور محمود خان اچکزئی کا مقابلہ ہو گا۔ سابق صدر آصف علی زرداری کو مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی اور اتحادیوں کی حمایت حاصل ہے جبکہ پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کو پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل نے صدارتی امید وار نامزد کیا ہے، ہفتے کو صدارتی امیدواروں کی طرف سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے،

 کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 4مارچ کو، امیدواروں کی فہرست 5 مارچ کو ایک بجے آویزاں کی جائیگی۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے پارٹی رہنما فاروق ایچ نائیک نے سابق صدر آصف زرداری کے کاغذات اسلام آباد ہائیکورٹ میں پریزائیڈنگ افسر کے پاس جمع کرائے۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے آصف زرداری کے کاغذات نامزدگی وصول کیے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے آصف زرداری صدارتی امیدوار ہونگے جبکہ بلاول بھٹو زرداری اپنے والد آصف زرداری کے تجویز کنندہ اور فاروق ایچ نائیک تائید کنندہ ہیں۔

 دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور دیگر رہنماؤں نے آصف علی زرداری کے کاغذات سندھ ہائیکورٹ میں بھی جمع کرائے۔ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس عقیل احمد عباسی نے بطور پریذائڈنگ افسر کاغذات نامزدگی وصول کئے۔ وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ صدارتی انتخاب کیلئے آصف زرداری کے تجویز کنندہ جبکہ ناصر حسین شاہ تائید کنندہ کی حیثیت سے پریزائڈنگ افسر کے روبرو پیش ہوئے۔اس موقع موقع پر فریال تالپور، ناصر حسین شاہ، آغا سراج درانی، وقار مہدی، سعید غنی، شرجیل میمن، نثار کھوڑو، قائم علی شاہ، نادر مگسی سمیت 30 سندھ اسمبلی کے ممبران سمیت دیگر پیپلزپارٹی رہنما موجود تھے۔ سنی اتحاد کونسل نے صدارتی انتخاب کیلئے محمود خان اچکزئی کے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرادیئے جو پی ٹی آئی رہنما لطیف کھوسہ نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرائے۔