لاہور ہائیکورٹ نے سپر ٹیکس کی وصولی تاحکم ثانی روک دی

لاہور ہائیکورٹ نے سپر ٹیکس کی وصولی تاحکم ثانی روک دی
کیپشن: The Lahore High Court temporarily stopped the collection of super tax(file photo)

ایک نیوز: تاجربرادری کیلئے خوشخبری۔ لاہور ہائی کورٹ نے سپرٹیکس کی وصولی تاحکم ثانی روک دی جب کہ وفاقی حکومت اور ایف بی آر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔  

تفصیلات کے مطابق سپر ٹیکس کی وصولی کے خلاف دائردرخواستوں پر سماعت ہوئی۔ لاہور ہائی کورٹ کےجسٹس جواد حسن  نےمیسرز ہنزہ شوگر مل  سمیت دیگرز کی درخواستوں پر سماعت کی۔ 

درخواستگزار کے وکیل محسن ورک نے موقف اختیار کیا کہ سال 2022 کے لئے سپر ٹیکس کی وصولی آرٹیکل دس اے کی خلاف ورزی ہے۔ مالی سال کی تکمیل کے بعدسپر ٹیکس کی وصولی بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ 

وکیل نے نکتہ اٹھایا کہ سپر ٹیکس کی وصولی آئین کے آرٹیکل 4, 9,18, 23  اور 24 سے متصادم ہے، لہذا عدالت سپرٹیکس کی وصولی کا اقدام کالعدم قرار دے۔ کیس کے حتمی فیصلے تک سپر ٹیکس کی وصولی روکنے کا حکم دیا جائے۔ 

عدالت نے تمام دلائل سن کر سپر ٹیکس کی وصولی مشروط طور پر تاحکم ثانی روک دی۔ عدالت نے وفاقی حکومت اور ایف بی آر کو نوٹس جاری کرتے یوئے جواب طلب کرلیا۔ عدالت نے سپر ٹیکس کے متعلقہ تمام درخواستیں یکجا کرنے کا حکم دے دیا۔